فوج کی کردا ر کشی جماعت اسلامی کے رہنماؤں کاوطیرہ بن چکی ہے ‘ سراج الحق پر بغاوت کا مقدمہ چلایاجائے،ثروت قادری

منگل 25 نومبر 2014 17:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف فوجی آپریشن مقدس جہاد ہے، آپریشن ضرب عضب کو ڈرامہ قراردینااسلام اورملک دشمنی پرمبنی ہے۔سراج الحق پر بغاوت کا مقدمہ چلایاجائے۔جماعت اسلامی آئی ڈی پیزسے جھوٹی ہمدردی کی آڑ میں دہشت گردوں کو شیلٹر فراہم کرناچاہتی ہے۔

دہشتگردوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے پاک فوج کی کردارکُشی کرنا جماعت اسلامی کے رہنماؤں کاوطیرہ بن چکاہے۔آپریشن ضربِ عضب ختم کرنے کے مطالبے سے جماعت اسلامی کا مخفی ایجنڈاعیاں ہوگیاہے۔چیف جسٹس آف پاکستان کو امیرجماعت اسلامی سراج الحق کے بیان کا ازخودنوٹس لیناچاہیے۔آپریشن ضربِ عضب پوری قوم کی آوازہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج اپنے لہو سے ارض وطن کی حفاظت کر رہی ہے ۔

ملک کی تمام محب وطن قوتیں پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہیں ۔ پاک فوج کومتنازعہ بنانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔بلوچستان کے دورے پر روانگی سے قبل مرکزاہلسنّت پرکارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ثروت اعجازقادری نے کہا کہ منور حسن کاملک میں قتال فی سبیل اللہ کو فروغ دینے کا بیان ملک کو ایک نئے بحران میں دھکیلنے کی سازش ہے۔منورحسن درحقیقت ملک میں داعش کے دہشت گردوں کے لیے راہ ہموار کرناچاہتے ہیں۔

اگرایسانہیں ہے تو بتایاجائے کہ مسلم اکثریتی ریاست میں قتال فی سبیل اللہ کااعلان کس کیخلاف ہے؟ کیا منور حسن قوم کو پاک فوج کیخلاف ہتھیاراُٹھانے پر اُکسارہے ہیں؟منورحسن کے بیان نے عالمی تناظر میں پاکستان کی ساکھ کو مجروح کیاہے، انھیں اپنے گمراہ کن بیان پر قوم سے فوری طورپر معافی مانگنی چاہیے۔انہوں نے مزیدکہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ملک میںآ خری دہشتگردکے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے بیان سے قوم کے حوصلے بلندہوئے ہیں۔

پاک فوج آپریشن ضربِ عضب کے ذریعے ملک کی سلامتی اور تحفظ کی جنگ لڑ رہی ہے۔ قومی تاریخ کے اس اہم مرحلے پر پوری قوم کے لیے ضروری ہے کہ وہ پاک فوج کا ساتھ دے تاکہ ملک و قوم کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات مل سکے اور پاکستان کو امن و سکون کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کوبنیادی سہولتیں فراہم کرنا ریاست اور قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ پوری قوم وزیرستان سے نقل مکانی کرنیوالے ہم وطنوں کی دیکھ بھال کیلئے ایثار کا مظاہرہ کرے۔