ملک میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی ایک بڑی وجہ ناخواندگی اور جہالت ہے ‘ گورنر پنجاب

منگل 25 نومبر 2014 17:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے کیونکہ یہ ہماری باصلاحیت نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہے ، مسائل سے بھرے ماحول میں وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود بھی ہمارے طلباء و طالبات نے نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک میں بھی زندگی کے ہرشعبے میں اعلی کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو دنیا میں نمایاں مقام دلایا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے سولہویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کے دوران کیا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو اس وقت جو چیلنجز اور مسائل درپیش ہیں اس کا واحد حل تعلیم یافتہ سوسائٹی ہے اور تعلیم ہی ایسا موثر ذریعہ ہے جس سے ہم نہ صرف معاشی اور اقتصادی ترقی کی منزلیں خوش اسلوبی سے طے کر سکتے ہیں بلکہ جہالت ، غربت ، کرپشن اور دہشت گردی جیسی معاشرتی برائیوں کا قلع قمع بھی کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ملک میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی ایک بڑی وجہ ناخواندگی اور جہالت ہے ، ملک کو اس طرح کے مسائل سے نکالنے کے لیے تعلیم ” سب کے لیے “کے خواب کو عملی تعبیر دینا ہو گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ پاکستانی نوجوان تعلیمی میدان میں کسی سے کم نہیں بالخصوص ہماری طالبات جنہوں نے تعلیمی میدان میں نہ صرف اپنی قابلیت اور اہلیت کی بنیاد پر خود کو تسلیم کرایا ہے بلکہ اس شعبے میں وطلباء سے سبقت بھی لے جارہی ہیں ۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں تعریفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں ۔ گورنر پنجاب نے بچوں کے والدین اور اساتذہ کرام کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ہماری یہ نوجوان نسل ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے لیے اپنا اہم کردار نبھاتے رہیں گے۔قبل ازیں معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلا شبہ ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں معاشی میدان میں بھی اپنی توانائیوں اور صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا ہے اور پاکستان کو معاشی اعتبار سے ایک مضبو ط اور خوشحال پاکستان بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :