اسلام آباد ہائیکورٹ ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے نتائج کیخلاف درخواست کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی

منگل 25 نومبر 2014 16:47

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے نتائج کے خلاف دائر درخواست 26 نومبر تک ملتوی کردی ، جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتا ۔ منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدارتی امیدوار عبدالستار خان کی جانب سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2014ء کے نتائج کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران فاضل جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتا ، ہم درخواست گزار کو مزید وقت دیتے ہیں کہ وہ بار ایسوسی ایشن کے قوانین کے مطابق معاملات افہام و تفہیم سے حل کرے ۔ عدالت نے مزید سماعت 26 نومبر تک ملتوی کردی ۔ واضح رہے کہ عبدالستار خان نے عدالت میں درخواست دی تھی کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کے وقت دھاندلی کی گئی ہے اور میرے مخالف امیدوار کو کرایا گیا ہے لہٰذا عدالت دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا حکم دے ۔