بھارتی وزیر خار جہ اور پاکستانی مشیر خارجہ کے درمیان کھٹمنڈو میں غیر رسمی ملاقات

منگل 25 نومبر 2014 16:46

کھٹمنڈو/ نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوارج اور پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے درمیان کھٹمنڈو میں سارک سربراہ کانفرنس سے قبل سارک وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران غیر رسمی ملاقات ہوئی،بھارتی وزیر خارجہ نے کہاہے کہ کسی بھی عالمی کانفرنس میں مختلف ممالک کے لوگ اس طرح ملتے رہتے ہیں،سارک کانفرنس کے موقع پر نواز مودی ملاقات بارے کچھ نہیں کہا جاسکتا مزید انتظار کیا جائے۔

منگل کو بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں سارک وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوارج کاکہنا ہے کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ اعزازی ملاقات ہوئی ۔کسی بھی عالمی کانفرنس کے موقع پرمختلف ممالک کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح ملتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر پاک بھارت وزرائے اعظم کی ممکنہ ملاقات کے بارے میں صورتحال واضح کرنے سے انکار کردیا ۔

انکا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جاسکتا مزید انتظار کیا جائے۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوار ج کے درمیان غیر رسمی ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ملاقات بارے قیاس آرئیاں شروع ہوگئی ہیں۔