Live Updates

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 62 ویں سالگرہ پر مبارکباد

منگل 25 نومبر 2014 16:00

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 62 ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ اپنی ڈھلتی ہوئی عمر کے سبب گرتی صحت کے مسائل کا شکار ہیں توریاست کو مقابلے کی دھمکیاں دیکر نوجوانوں کو گمراہ نہ کریں اور نہ ہی لوگوں کو خوفزدہ کریں وگرنہ 30 نومبر کو اسلام آباد میں خالی کرسیوں سے خطاب کرنا پڑے گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نفرتیں اور کدورتیں پھیلانا چھوڑدیں اگرعمران خان اپنی ڈھلتی ہوئی عمر کے سبب گرتی صحت کے مسائل کا شکار ہیں تو عمران خان کی اس بیماری کا بہترین علاج ہے، امریکی ریاست کیلی فورنیا کی یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے کی گئی نئی تحقیق کے مطابق لوگوں سے خوشگوار موڈ میں گلے ملنا انسانی ہڈیوں اور پٹھوں کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے جس کے باعث لوگ اپنے آپ کو جواں عمر محسوس کرتے ہیں،اسلئیے عمران خان کو اقتدار کے لالچ کو ملکی مفاد میں قربان کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیئے،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ اگر عام انتخابات میں دھاندلی کے ثبوت عمران خان کو اب ملے ہیں تووہ 17 ماہ سے اب تک انصاف نہ ملنے کا واویلا کرکے عدالتوں کو کیوں بدنام کرتے رہے ہیں،قوم کو بتایا جائے کہ وہ پہلے جھوٹ بولتے رہے ہیں یا اب جھوٹ بول رہے ہیں قوم ان کی کس بات پر یقین کرے اور کس بات پر یقین نہ کرے،انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیئے کہ وہ اپنی صحت پتلی کرنے کی بجائے فوری طور پر ملنے والے ثبوت لیکر عدلیہ سے رجوع کریں تاکہ انہیں انصاف ملنے میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو،چوہدری عابد شیر علی نے تربیلا ڈیم ،نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، بونجی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ،لاہور تا کراچی موٹروے،حویلیاں ایکسپریس وے اور میٹرو بس منصوبوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی اقتصادی اورمعاشی ترقی کے یہ منصوبے وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کے بڑے کارناموں کا ایک عملی نمونہ ہیں،حکومت کے خلاف احتجاج کی وجہ سے ملکی سماجی، اقتصادی اورمعاشی ترقی کیلئے جاری منصوبوں اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کے مفادات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

دھرنوں اور احتجاج کی وجہ سے نہ صرف عام آدمی کی زندگی متاثر ہوئی ہے بلکہ ان ترقیاتی منصوبوں میں بھی رکاوٹ پیدا ہوئی ہے،انہوں نے مذید کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں پائیدار، محفوظ، سستی اور ماحول دوست توانائی کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے عملی اقدامات کے نتائج آ رہے ہیں اور ان کے فوائد عام لوگوں تک پہنچ رہے ہیں۔ آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی سے لوگوں کو قابل ذکر فائدہ پہنچے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات