تحریک انصاف 30 نومبر کو لاشوں پر سیاست کرنا چاہتی ہے ‘عبد القادر بلوچ

منگل 25 نومبر 2014 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف 30 نومبر کو لاشوں پر سیاست کرنا چاہتی ہے‘ مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں ‘ دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ حکومت نے انکے احتجاج کو نہیں روکا پھر خان صاحبکا صبر کیوں ختم ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی تحریک انصاف نے وعدوں کی خلاف ورزی کی لہذا اب دوبارہ انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ میرے خیال میں تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ اپنا احتجاج شاہراہ دستور کی بجائے کسی اور جگہ پر کر لے۔ انہوں نے کہا کہ وہ متعلقہ وزیر تو نہیں تاہم پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ متعلقہ وزیر اور اسلام آباد انتظامیہ سے رابطے میں رہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ الیکشن کے معاملات الیکشن کمیشن ہی حل کرتا ہے۔ کیا تحریک انصاف نے اس حوالے سے قانون سازی کیلئے آج تک کوئی کوشش کی ہے؟ حکومت آج بھی معاملات کے حل کیلئے بات چیت کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب میں تو دھاندلی کا شور کرتی ہے لیکن خیبرپختونخوا میں دھاندلی کی بات کیوں نہیں کرتی، وہاں انتخابات کیا فرشتوں نے کرائے تھے۔

شہزادے، شہزادیوں کو سیاست میں لائے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی صداقت نہیں ہے اور نہ ہی وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ایسا کوئی اعلان کیا ہے کہ انکے بعد انکا بیٹا یا بیٹی وزیراعظم ہونگے۔ عبدالقادر بلوچ نے کہاکہ تحریک انصاف بلاوجہ دعویٰ کرتی ہے کہ عوام انکے ساتھ کھڑی ہے جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ ہر جماعت کی اپنی ایک ساکھ ہے اور اسکے ورکرز ہر جگہ موجود ہیں جس کی مثال حال ہی میں ہونے والے جماعت اسلامی کے اجتماع، (ق) لیگ کے بہاولپور کے جلسے اور بھکر کے پی اے ٹی کے جلسے سے واضح ہو جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :