آزادی اظہار ہمارے آئین کا حصہ ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ حکومت نے آزادی اظہار کا کھلا موقع دیا ہے ‘خرم دستگیر

منگل 25 نومبر 2014 14:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ آزادی اظہار ہمارے آئین کا حصہ ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ حکومت نے آزادی اظہار کا کھلا موقع دیا ہے،تحریک انصا ف احتجاج کے بجائے دوسرے صوبوں سے کارکردگی میں مقابلہ کرے ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت پرعزم ہے اور ملک کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا، حکومت درست سمت جا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ حکومت کی بہتر کارکردگی سے ملکی معیشت بہتر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ صرف ہوس اقتدار کی وجہ سے پی ٹی آئی مسلسل انتخابی مہم چلائے جا رہی ہے، اگر ثبوت آج ان کے ہاتھ آئے ہیں تو پہلے دھاندلی کا شور کیوں کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ کنٹینر کی بجائے پارلیمنٹ میں آ کر مسائل کا حل پیش کرے، صرف الزامات کی بنیاد پر دھاندلی کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ بہتان تراشی کی سیاست سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا، انتخابی اصلاحات سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ سب سے بہترین فورم ہے، کنٹینر پر کھڑے ہو کر کوئی مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔