لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن آف پاکستان اور حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پندرہ یوم میں جواب طلب کر لیا۔

منگل 25 نومبر 2014 11:57

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہزادہ مظہر نے کیس کی سماعت کی۔عدالتی سماعت کے موقع پر درخواست گزار رضوان گل ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ حکومت عوام کوگذشتہ دس سالوں سے نچلی سطح تک اقتدار منتقل کرنےسے گریزاں ہے جس کی وجہ سے غیر آئینی طور پر بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جا رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرانے کے حوالے سے سپریم کورٹ بھی حکومت کو پندرہ نومبر تک کی مہلت فراہم کر چکی ہے مگر حکومت عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی بھی مرتکب ہو چکی ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ بنیادی جمہوریت کی بحالی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی بناءپر عدالت حکومت پنجاب کو صوبے میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کے احکامات صادر کرئے۔جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔