وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان خو ش آئند ہے، مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے اقدامات جاری رکھے گی،دھرنے والے دیکھتے رہ جائیں گے اورپاکستان آگے نکل جائے گا،عوام خدمت کے سفر اورترقی کے راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے ،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کابیان

پیر 24 نومبر 2014 23:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو خو ش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے تحفہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے سے عوام کو ریلیف ملے گا اورمسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ(ن) کا نصب العین ہے۔وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کا سفرجاری رہے گا۔ دھرنے والے دیکھتے رہ جائیں گے اورپاکستان آگے نکل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ احتجاج اورانتشار کی سیاست کرنے والوں کو نوشتہ دیوارپڑھ لینا چاہیے۔18کروڑ عوام خدمت کے سفر اورترقی کے راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔