ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے اور ختم کرنے کی کوششیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،

تاریخ گواہ ہے کہ ایسا کرنے والوں کو قدرت نے نشانِ عبرت بنادیا،ڈپٹی کنوینر رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم

پیر 24 نومبر 2014 23:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے اور ختم کرنے کی کوششیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ، تاریخ گواہ ہے کہ ایسا کرنے والوں کو قدرت نے نشانِ عبرت بنادیاجبکہ ایم کیو ایم پاکستان سمیت دنیا بھر میں تیزی سے پھیل اور مضبوط ہورہی ہے جو کہ بانی و الطاف حسین کے سچا ہونے اور ان کی کامیاب جدوجہد کی غمازی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کنوینر رابطہ کمیٹی و حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں رکنیت سازی کے حوالے سے دورے کے موقع پر رکنیت سازی کے لئے موجود عوام سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ ارکان سندھ تنظیمی کمیٹی خورشید احمد ، یاور فیصل ، ایم کیو ایم حیدرآباد کے انچارج نوید شمسی و اراکین زونل کمیٹی اور حق پرست رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین بھی موجود تھے ۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ اپنے ذاتی مفادات کو دوام بخشنے کی غرض سے پھر سے پرانے شکاری نیا جال لے کر مسلسل عوام کے درمیان تماشہ لگائے بیٹھے ہیں لیکن باشعور عوام ان کے ماضی سے بخوبی آشنا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم حقیقت و عملیت پسندی کے نظریے پر عمل کرنے والی جماعت ہے جو بخوبی جانتی ہے کہ اٹھانوے فیصد غریب و متوسط طبقے کی عوام کے مسائل کس طرح حل ہوسکتے ہیں اور بصیرت رکھنے والی غیر جانبدار ، باکردار اور نڈر عوام جانتی ہے کہ الطاف حسین عملاً 1988 ء سے عام عوام کے مسائل کے حل کے لئے عام گھرانوں کے ، تعلیم یافتہ اور باکردار نوجوانوں کو ایوانوں میں بھیج رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اقتدار میں ہو یا نہیں اس کی اولین ترجیح عام عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے جس کی بدولت پاکستان مضبوط اور خوشحال ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روزِ اول سے الطاف حسین کے اٹھانوے فیصد مظلوم عوام کو بااختیار بنانے کے مخلصانہ عمل کواندرونی وبیرونی خفیہ قوتیں شدید نا پسندیدگی اور سخت نفرت کی نگاہ سے دیکھتی چلی آرہی ہیں اور بدین ، ٹنڈو محمد خان اور اورنگی ٹاؤن کراچی میں ایم کیو ایم کے رکنیت سازی کیمپوں پر نہتے اور پُرامن ایم کیو ایم کے کارکنا ن اور عوام پر مسلح حملے اس کا کھلا ثبوت ہیں اس کے باوجود ایم کیو ایم نے صبر و برداشت کا دامن تھام رکھا ہے کیونکہ ایم کیو ایم ایک امن پسند عوامی جماعت ہے ۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دنیا کے سامنے ایک دفعہ پھر یہ حقیقت آشکار ہوچکی کہ کون سی جماعت اور اس کے رہنما عوام خصوصاً نوجوانوں کو قتال فی سبیل اللہ کی ترغیب دے کر قتل و غارت گری پر اُکسا رہے ہیں تاکہ اپنے شرمناک مقاصد کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکیں ۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ الطاف حسین اس حقیقت پر پُختہ یقین رکھتے ہیں کہ اختیارات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پاکستان کوبحرانوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کر سکتی ہے اور اسی عظیم مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے الطاف حسین نے ہمیں ہدایت کی کہ ملک بھر میں ایم کیو ایم کی رکنیت سازی مہم شروع کی جائے تاکہ عام ، تعلیم یافتہ اور باکردار عوام ایم کیو ایم کے پلیٹ فارم سے سندھ کے بعد ملک کے دیگر صوبوں سے بھی بڑی تعداد میں ایوانوں میں جائے اور عام عوام کے مسائل کو حل کر کے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں لا کھڑا کرے ۔