خیبرپختونخواہ حکومت ناکام ہوچکی، وزیراعلی خیبرپختونخواہ وفاقی حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ،مرتضی جاوید عباسی ،

نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی کمیشن قائم کرنے کی ضرورت ،جہاں ضرورت ہے آئینی جمہوری طریقے سے صوبے بننے چاہئیں۔سردار یوسف ، وزیراعظم 29نومبر کو حویلیاں میں ایکسپریس وے کا افتتاح کر یں گے ، ۔ پہلے مرحلہ میں حسن ابدال سے حویلیاں تک 60کلومیٹر کے اس منصوبہ پر 33ارب روپے لاگت آئے گی، وزیراعظم نے اس منصوبہ کو 16ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔پریس کانفرنس

پیر 24 نومبر 2014 22:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ حکومت ناکام ہوچکی، وزیراعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک وفاقی حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ، دوسری جانب وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی کمیشن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں ضرورت ہے آئینی جمہوری طریقے سے صوبے بننے چاہئیں۔

وہ رکن قومی اسمبلی کیپٹن صفدر اور ہزارہ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔سردار یوسف نے کہا کہ صوبوں کو بنانے کے لیے قومی کمیشن قائم کیا جانا چاہیے جوجائزہ لے کہ آئین اور قانون کے مطابق کون سے صوبے بننے چاہئیں۔

(جاری ہے)

ہزارہ کی تحریک دیگر صوبوں سے مختلف ہے۔ ہزارہ پہلے بھی صوبہ رہا ہے، انتظامی بنیادپر صوبہ ہزارہ بننا چاہیے۔

صوبہ ہزارہ پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے دیگر جماعتوں سے مشاورتی عمل جاری ہے، جب حالات مواقف ہوں گے تو دیگر آئینی تقاضے بھی پورے ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ۔ صوبہ ہزارہ پرتمام جماعتیں متفق ہیں۔ صوبائی حکومت اس حوالے سے قرارداد مکمل کرچکی لیکن باقی پراسس کے لیے وقت درکار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم 29نومبر کو حویلیاں میں ایکسپریس وے کا افتتاح کررہے ہیں جس سے ہزارہ کے عوام کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے۔

پہلے مرحلہ میں حسن ابدال سے حویلیاں تک 60کلومیٹر کے اس منصوبہ پر 33ارب روپے لاگت آئے گی، وزیراعظم نے اس منصوبہ کو 16ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔سردار یوسف نے کہا کہ ملکی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے والے پہلے بھی ناکام ہوئے اور اب بھی ناکام ہوں گے۔ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے ایکسپریس وے کو موٹروے کی طرز پر ڈیزائن کیا جائے۔

اضافی رقم وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔وزیراعظم کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ہزارہ کے لیے ایکسپریس وے کے منصوبے کو ترجیح دی ہے، حویلیاں میں دنیا کا12واں بڑا ڈرائی پورٹ بنے گا۔ خیبرپختونخواہ حکومت پچھلے دور حکومت میں بننے والے نو ہسپتال کو 17ماہ میں فنکشنل نہیں کر سکے۔ صوبائی حکومت اپنی ناکامی وفاقی حکومت پر نہیں تھوپ سکتی۔ قوم کارکردگی کی بنیاد پر 2018میں اپنافیصلہ کرے گی۔رکن قومی اسمبلی کیپٹن صفدر نے کہا کہ یکسپریس وے منصوبہ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بنک نے 317ملین ڈالر دیے ہیں۔ حکومت نے زمین موٹروے کے لیے خریدی ہے۔بعد میں اس شاہراہ کو 6لین موٹروے میں تبدیل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حطار اینڈسٹریل سٹیٹ کو بھی ایک انٹرچینج ملے گا۔

متعلقہ عنوان :