30 نومبرکی تیاری کے حوالے سے پنجاب کے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،

کارکنوں کے راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کیں تو کارکن جمہوری انداز میں بھرپور مزاحمت کریں گے ، اعجازاحمدچوہدری

پیر 24 نومبر 2014 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاہے کہ 30 نومبرکی تیاری کے حوالے سے پنجاب کے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ، صوبہ بھرکے عہدیداران ، سٹیک ہولڈر اور ٹکٹ ہولڈرکو اس حوالے سے بھرپور تیاریاں کرنے میں مصروف ہیں ، تحریک انصاف تیس نومبر کواسلام آباد میں اپنی بھرپور قوت کا مظاہرہ کرے گی ،حکومت اور انتظامیہ نے ُپُر امن احتجاج میں شرکت کرنے والے کارکنوں کے راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کیں تو کارکن جمہوری انداز میں بھرپور مزاحمت کریں گے ،تیس نومبر کو اسلام آباد میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہوگا ، تیس نومبر کو چیئرمین عمران خان اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، پارٹی آفس میں ساؤتھ ریجن کے صدر نور خان بھابھہ، ضلعی صدر قصور ندیم ہارون اور حافظ آباد سے قاسم تارڑ کی قیادت میں ملنے والے وفود سے گفتگو کررہے تھے ،انہوں نے کہاکہ تیس نومبر سے پہلے ہی (ن) لیگ کے جوکروں کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہیں ، انصاف ملنے تک تحریک انصاف اپنا پُرامن احتجاج جاری رکھے گی، جمہوریت کے نام نہاد ٹھیکیدار وں کا چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ، گرفتاریاں ، جیلیں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں، تیس نومبر کو تمام ضلعی تنظیمیں ، سٹیک ہولڈر اور ٹکٹ ہولڈرز اپنی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، تحریک انصاف کے کارکنوں نے پُرامن احتجاج کرکے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے ، کارکنان عمران خان کی کال پر ہر دم تیار ہیں ، تیس نومبر کے خوف سے حکمرانوں کی رات کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

بعدازاں اعجازاحمدچوہدری نے فیصل آباد میں ابیولاوائرس کا مریض سامنے آنے پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو اطلاع کے باوجود ائرپورٹس پر حفاظتی انتظامات نہ کرنے کی وجہ سے خطرناک وائرس کا پاکستان میں داخل ہونا حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،پولیو کے بعد ابیولا وائرس پر قابو پانے کے لئے جنگی بنیادوں پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے، اگر حکمران نے اپنی نااہلیوں پر قابو نہ پایا تو پاکستان کو عالمی سطح پر مختلف مسائل کا سامنا کر نا پڑ سکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی، متعلقہ محکمے مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :