پاکستان کے عوام میں عالم اسلام کی قیادت کا ایک فطری جذبہ موجود ہے ،

مسئلہ فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے عالم اسلام مشترکہ کوشش کرے گا ، سراج الحق کا عالمی اسلامی تحریکوں کے نمائندہ اجلاس سے خطاب

پیر 24 نومبر 2014 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں نے اس خدشے کا اظہار کیاہے کہ دہشتگردی کے خلاف جاری ظالمانہ کارروائیوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ دنیا بدامنی اور انتشار کی آماجگاہ بن جائے گی ۔ جماعت اسلامی کے سہ روزہ اجتماع عام میں آئے ہوئے دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کے رہنماؤں نے عرب ممالک سے مطالبہ کیاہے کہ وہ سیاسی حریفوں کے خلاف کاروائیاں بند کریں اور انہیں عوام کی خدمت کا موقع دیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاکہ ہم نے عالم اسلام کو ہر قیمت پر ایک کرناہے اور مشترکہ منڈیاں قائم کرکے مسلم دنیا کو معدنیات کو غیر مسلموں کے قبضہ سے واپس لینا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ مسلم ممالک سے اندھیروں کے خاتمہ اور عالم اسلام کو روشن اور ترقی یافتہ ماڈل بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے وضاحت کی کہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ ہم اپنے کام کو پرامن اورجمہوری انداز میں جاری رکھیں گے اور امت کی حمایت اور تعاون سے اسلامی انقلاب برپا کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام میں عالم اسلام کی قیادت کا ایک فطری جذبہ موجود ہے جس کا اظہار جماعت اسلامی کے حالیہ اجتماع میں ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے عالم اسلام مشترکہ کوشش کرے گا ۔ اسلامی تحریکوں کے نمائندوں نے کشمیر میں حق خود ارادیت اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی بھر پور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

انہوں نے مصر میں منتخب جمہوری حکومت گرانے ، شام میں جاری نسل کشی اور بنگلہ دیش میں حکومتی جبر کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر ، فلسطین ، شام اور بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوائیں اور برما کے مظلوم مسلمانوں کی جبری ملک بدری کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔