Live Updates

30نومبر کو اسلام آباد میں پرامن جلسہ ہوگا دھرنا نہیں، ڈی چوک پر جلسہ کیلئے انتظامیہ سے بات چت جاری ہے، پی ٹی آئی کی سوچ پرامن ہے ، ٹرانسپورٹ کی بندش اور پکڑ دھکڑ ، بلاو جہ رکاوٹیں اور کنٹینر لگائے گئے تو نتائج کی ذمہ دار حکومت ہوگی ،عمران خان سے امریکہ و دیگر ممالک کے سفیروں کی ملاقاتیں تصویرر کا دوسرا رخ دیکھنے کے لئے تھیں،

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس

پیر 24 نومبر 2014 21:39

ملتان ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت پر واضح کردیا ہے کہ 30نومبر کو اسلام آباد میں پرامن جلسہ ہوگا دھرنا نہیں ڈی چوک پر جلسہ کیلئے انتظامیہ سے بات چت جاری ہے، پی ٹی آئی کی سوچ پرامن ہے ، ٹرانسپورٹ کی بندش اور پکڑ دھکڑ ، بلاو جہ رکاوٹیں اور کنٹینر لگائے گئے تو نتائج کی ذمہ دار حکومت ہوگی عمران خان سے امریکہ و دیگر ممالک کے سفیروں کی ملاقاتیں تصویر کا دوسرا رخ دیکھنے کے لئے تھیں۔

وہ پیر کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے حکومت پر واضح کیا کہ 30نومبر کو ہونے والا جلسہ ہوگا دھرنا نہیں اور وہ پرامن ہوگا اس میں عمران خان اور قائدین اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ ڈی چوک پر جلسہ کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے ۔

ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے پنجاب بھر میں پرامن جلسے کئے جہاں کوئی انتشار اور توڑ پھوڑ نہیں ہوئی انہوں نے اپنی پرامن سوچ ظاہر کر دی ہے اب آئندہ کا دارو مدار حکومتی رویے پر منحصر ہوگا۔مخدوم شاہ محمود قرشی نے کہا کہ عمران خان سے صرف امریکہ نہیں بلکہ چین سمیت 28یورپی ممالک کے سفیروں نے ملاقاتیں کی ہیں اور یہ معمول کی ملاقاتیں ہیں کیونکہ غیر ملکی سفیروں نے جب دھرنے میں خواتین ، بچوں کی مسلسل آمد دیکھی تو وہ اس اس بات پر قائل ہوئے ہیں کہ جو کچھ حکومت نے ان کو بتایا ہے وہ سچ نہیں ہے اس لئے انہوں نے تصویر کا دوسرا رخ دیکھنے کے لئے عمران خان سے ملاقات کی۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ 30نومبر کو ماحول پر تشدد نہ ہو انہوں نے وکلاء ، کاشتکاروں ، دانشوروں سے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کی تحریک میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں کیونکہ جب تک یہ طبقہ موبلائز نہیں ہوگا اس وقت تک تبدیلی نہیں آئے گی۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے انہوں نے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا تھا جس پر تاحال نہیں عمل نہیں ہواپی ٹی آئی دھاندلی کی تحقیقات چاہتی ہے اور جب تک ان کا مطالبہ پورا نہیں ہوگا اسلام آباد کا دھرنا جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد الیکشن کمیشن کاقیام ضروری ہے اس کے بغیر معاملات آگے نہیں بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے کاشتکار پھٹی اور منجی کا فصل فروخت نہ ہونے اور قیمتیں صحیح ملنے پر احتجاج کر رہے ہیں لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی مروٹ ضلع بہاولنگر میں پنجاب پولیس نے جس طرح کاشکاروں کے خلاف کارروائی کی اور عورتوں کی بے حرمتی کی وہ اس کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں ظلم کے مرتکب پولیس افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مشرف کیس کے حوالے سے شاہ محمود نے کہا کہ عدالت نے کہا ہے کہ مشرف کیس میں تنہا نہیں ہیں اس میں وزرا اور ججز بھی شامل ہیں عدالت نے پندرہ دن کے اندر چالان پیش کرنے کی مہلت دی ہے زاہد حامد اپیل کرنے جارہے ہیں لیکن ہمارا موقف رول آف لاء ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کے بعد پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کی قائدین اورعہدیداروں کے ساتھ 30نومبر کے جلسہ کے حوالے سے میٹنگ کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات