موسم سرما میں اضافی پن بجلی قومی نظام میں شامل ہوگی : واپڈا،

پن بجلی کی پیداوار میں یہ اضافہ ہائیڈل پاور سٹیشنوں کی مئوثر دیکھ بھال اور منگلا ڈیم میں پانی کی اضافی دستیابی کی وجہ سے ہے

پیر 24 نومبر 2014 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) واپڈا پن بجلی گھروں نے نومبر2014 ء میں اب تک قومی نظام کو اضافی پن بجلی مہیا کی ہے جو کہ پچھلے سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں زیاد ہ ہے ۔مزید برآں دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں بھی پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے ۔ پن بجلی کی یہ اضافی پیداوار ہائیڈل پاور سٹیشنوں کے موثر اپریشن ، دیکھ بھال اور منگلا جھیل میں پانی کی اضافی دستیابی کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے ۔

پن بجلی کی پیداوار میں یہ اضافہ اُس وقت ہوا ہے جب ملک کو معاشی ترقی کے لئے توانائی کی اشد ضرورت ہے ۔بجلی کی اس اضافی دستیابی کی وجہ سے نہ صرف موسم سرما میں لوڈ شیڈنگ کم ہوگی بلکہ بجلی کے نرخوں میں بھی کمی آئے گی اور صارفین کو ریلیف ملے گا ۔اعداد و شمار کے مطابق پچھلے سال کی نسبت نومبر کے رواں مہینے میں اب تک اوسطاً 500 میگاواٹ سے لیکر 650 میگاواٹ تک پن بجلی قومی نظام میں شامل ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح دسمبر 2014 ء میں اوسطاً 400 سے 500 میگاواٹ اور جنوری 2015 ء میں اوسطاً 300 سے 650 میگاواٹ اضافی پن بجلی قومی نظام کا حصہ بنے گی ۔واضح رہے کہ واپڈا کی پن بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت تقریباً 7ہزار میگاواٹ ہے جو کہ ملک میں کل پیداواری صلاحیت کا تقریباً ایک تہائی ہے۔پن بجلی توانائی کا سستا ، شفاف اور ماحول دوست ذریعہ ہے۔پاکستان میں بجلی کی پیداوار کا زیادہ تر انحصار تھرمل ذرائع پر ہے جبکہ پن بجلی کی شرح اس کے مقابلے میں خاصی کم ہے ۔

نیشنل گرڈ کو مرحلہ وار کم لاگت پن بجلی کی شرح میں اضافے سے بجلی کے نرخوں میں کمی آئے گی اور صارفین کو ریلیف ملے گا۔قومی نظام میں پن بجلی کے تناسب کو بڑھانے اور بجلی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے واپڈا ترجیحی بنیاد پر کم لاگت پن بجلی پیدا کرنے کی حکمتِ عملی پر کام کر رہا ہے۔زیرتعمیر منصوبوں میں نیلم جہلم (969میگاواٹ)، گولن گول(106میگاواٹ)،تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ (1410 میگاواٹ)،داسوکا پہلا مرحلہ (2160میگاواٹ) اور دیامربھاشا ڈیم (4500 میگاواٹ)شامل ہیں۔

7100 میگاواٹ کا بونجی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ تعمیراتی کام کیلئے تیار ہے، جبکہ 1320میگاواٹ کے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے سٹڈی مکمل ہوچکی ہے اور اس پر تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کے ساتھ بیک وقت کام کا آغازہوگا۔

متعلقہ عنوان :