وزیراعظم نواز شریف سے ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات

آپریشن ضرب عضب ،ملکی سلامتی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ، سارک کانفرنس میں شرکت کے دوران ملاقاتوں پربھی وزیراعظم کی مشاورت، سارک سربراہ اجلاس میں بھارتی وزیراعظم سے ملاقات بھی متوقع

پیر 24 نومبر 2014 21:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کی ملاقات‘ آپریشن ضرب عضب اور ملکی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو وزیراعظم میاں نواز شریف سے حال میں آئی ایس آئی کے سربراہ کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے والے لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں آپریشن ضرب عضب اور ملکی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے سربراہ کی وزیراعظم سے یہ دوسری ملاقات ہے۔ ایوان وزیراعظم میں ہونے والی ملاقات میں قومی سلامتی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا کہ ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم کو قبائلی علاقوں میں جاری فوجی آپریشن اور افغانستان سے نیٹو فوجوں کی واپسی کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

معتبر ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کی سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو 26 اور 27 نومبر کو کھٹمنڈو میں ہورہی ہے وزیراعظم نے اس کانفرنس میں سارک ممالک کے ساتھ شریک ہونا ہے جہاں مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں اگر چہ ابھی تک بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات طے نہیں ہوئی تاہم بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دونوں سربراہوں کی نیپال میں موجودگی کے دوران ملاقات ہوسکتی ہے۔ جس میں وہ مختلف امور پر تبادلہ خیال کر سکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس حوالے سے بھی ڈی جی آئی ایس آئی سے مشاورت کی۔