دیوبندی مکتبہ فکر کی مذہبی جماعتوں پر مشتمل اتحاد اہلسنت والجماعت کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج کمیٹی کے سربراہ مولانا سید عطاء المؤمن شاہ بخاری کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا ، دیگر مسالک کی مذہبی جماعتوں سے رابطوں کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا

پیر 24 نومبر 2014 20:43

ملتان(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء)دیوبندی مکتبہ فکر کی مذہبی جماعتوں پر مشتمل اتحاد اہلسنت والجماعت کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج منگل کو کمیٹی کے سربراہ مولانا سید عطاء المؤمن شاہ بخاری کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا جس میں دیگر مسالک کی مذہبی جماعتوں سے رابطوں کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا،اس رابطہ کمیٹی میں جمعیت علماء اسلام (ف) کی طرف سے حافظ حسین احمد،اہلسنت والجماعت کے ڈاکٹر خادم ڈھلوں،مجلس عمل ختم نبوت کے مولانا اللہ وسایا،شریعت کونسل کے مولانا زاہد الراشدی،وفاق المدارس کے قاری محمد حنیف جالندھری اور اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں۔

رابطہ کمیٹی کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں نہ صرف دیوبندی بلکہ دیگر مکاتب فکر کی مذہبی وسیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کئے جائیں گے جس کا مقصد انہیں اس اتحاد میں شامل کرنا اور اس کے ایجنڈے سے آگاہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ اتحاد اہلسنت والجماعت کا ایجنڈا ملک میں اسلامی تشخص کا تحفظ اور اسلامی نظام کا نفاذ،قومی خودمختاری اور اس کی سالمیت و وحدت کا تحفظ،امریکہ ودیگر طاغوتی طاقتوں کے سیاسی ومعاشی غلبہ وتسلط سے نجات،1973ء کے دستور بالخصوص اسلامی نکات پر عملداری،تحفظ ختم نبوت،تحفظ ناموس رسالت کے قوانین اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عمل کیلئے جدوجہد،مقام اہل بیت عظام وصحابہ کرام کا تحفظ ،قومی تعلیمی نصاب ونظام میں غیر ملکی کلچر کے فروغ کی مذمت اور روک تھام ،فحاشی وعریانی اور مغربی کلچر کے فروغ کی مذمت وروک تھام اور ملک کو فرقہ وارانہ نفرت انگیزی اور شیعہ سنی فسادات کی روک تھام کیلئے کام کرنا شامل ہے۔

رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایجنڈے کے مطابق دیگر جماعتوں سے رابطوں کیلئے کمیٹیاں بھی بنائے جانے کا امکان ہے۔اس ضمن میں جب رابطہ کمیٹی کے سربراہ مولانا سید عطاء المؤمن شاہ بخاری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے آن لائن کو بتایا کہ اتحاد میں شامل جماعتیں ملکر دیگر جماعتوں سے رابطے کریں گی،کسی کو انفرادی طور پر ان رابطوں کا اختیار نہیں دیا گیا حتی کہ وہ خود بھی انفرادی طور پر کسی سے رابطہ نہیں کررہے اور رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے حتمی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا ۔۔۔(ولی)