ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاحب نے اشتعال انگیز تقریر کرنے پر شیخ رشید احمد کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے دائر پٹیشن پولیس کی قانونی کاروائی کی یقین دہانی کے بعد نمٹا دی ،عدالتی احکاما ت کے بعد مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے عہدیداران نے تھانہ سٹی میں مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست جمع کروا دی

پیر 24 نومبر 2014 20:40

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاحب نے تحریک انصاف کے جلسہ میں اشتعال انگیز تقریر کرنے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے دائر پٹیشن پولیس کی طرف سے قانونی کاروائی کی یقین دہانی کے بعد نمٹا دی ،عدالتی احکاما ت کے بعد مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے عہدیداران نے تھانہ سٹی ننکانہ صاحب میں مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست جمع کروا دی۔

تفصیلات کے مطابق 12 نومبر کو گورنمنٹ گورورنانک ہائی سکول ننکانہ صاحب میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ کے دوران شیخ رشید احمد کی تقریر کے بعد ضلعی صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ چوہدری امتیاز احمد کاہلوں نے میاں لیاقت علی ایڈووکیٹ کی وساطت سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاحب رانا نثار احمد کی عدالت میں پٹیشن دائر کی تھی کہ دوران تقریر شیخ رشید احمد نے لوگوں کو 30 نومبر کوجلاؤ گھیراؤ اور مرو یا مارو کی ترغیب دے کر انہیں حکومت اور ملک کے خلاف بغاوت پر اکسایا اور ملک کو خانہ جنگی کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی ہے ۔

(جاری ہے)

عدالتی استفسار پر پولیس تھانہ سٹی کی طرف سے مقدمہ کے اندراج کے لئے دی گئی درخواست پر قانون کے مطابق کاروائی کی یقین دہانی پر عدالت نے درخواست نمٹا دی جس کے بعد مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر چوہدری خلیل احمد ورک ،ضلعی صدر ننکانہ صاحب چو ہدری امتیاز کاہلوں،ضلعی صدر شیخوپورہ رانا خوشنود علی خان ،سینئر نائب صدر ننکانہ محبوب نبی اعوان ،رائے صفدر علی خان کھرل ، یوتھ ونگ ننکانہ کے سنیئر رہنماء چوہدری اویس باور ایڈوکیٹ ،شیخ ذکریا چوپڑا ، سردارمرسلین ڈوگرنے دیگر عہدیدران اور کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست تھانہ سٹی ننکانہ صاحب میں جمع کروا دی ہے