پاکستان ریلوے نے پریم یونین کے دیرینہ مطالبہ پردوران ملازمت وفات پانیوالے ملازمین کے کفن دفن کیلئے دیجانے والی رقم کو دوگنا کر دیا

پیر 24 نومبر 2014 20:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء ) پاکستان ریلوے نے پریم یونین کے دیرینہ مطالبہ پر دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے کفن دفن کیلئے دی جانے والی رقم کو دوگنا کر دیا ہے، اس امر کا اعلان ممبر فنانس غلام مصطفی نے پریم یونین کے سینئر نائب صدر شیخ محمد انور اور مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری کی قیادت میں پریم یونین کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ۔

وفد میں پریم یونین کے چوہدری محمود الاحد، عبدالقیوم اعوان، خالد چوہدری، قاضی عبدالودود، طارق نیاز اور صوفی رمضان باوا بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

ریلوے انتظامیہ قبل ازیں وفات پانے والے ملازمین کو کفن دفن کیلئے مبلغ دس ہزار روپے ادا کرتی تھی جبکہ پریم یونین کا مطالبہ تھا کہ یہ رقم شدید مہنگائی کے باعث مبلغ پچاس ہزار روپے کی جائے تاہم ریلوے انتظامیہ نے ابتدائی طور پر مبلغ بیس ہزار روپے دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

جس کا نوٹیفکیشن چند روز میں جاری ہو جائے گا۔ پریم یونین کے راہنماؤں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ دورانِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کا جس پیکیج کا وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے پاکستان ریلوے میں فوری طور پر اس پر عمل درآمد کروایا جائے۔

متعلقہ عنوان :