30نومبر کا احتجاج پُرامن ،قانون کے دائرے میں ہونا چاہئے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دینی چاہئے‘ گورنر پنجاب ،

ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اس وقت ہمیں اجتمائی سوچ وفکر اور اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہے ‘ چوہدری محمد سرور کی میڈیا سے گفتگو

پیر 24 نومبر 2014 20:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے تمام مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں، تحریک انصاف کا 30نومبر کا احتجاج پُرامن اور قانون کے دائرے میں ہونا چاہئے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز یہاں میاں میر کالونی لاہور میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اس وقت ہمیں اجتمائی سوچ وفکر اور اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہے اور اپنے ذاتی مفادات کو چھوڑ کر ہم سب کی مشترکہ جدوجہد اور کوشش صرف پاکستان کا مستقبل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ پانی جیسی بنیادی ضرورت جو انسانوں کا حق ہے وہ بھی عام شہری کو مہیا نہیں جس کی وجہ سے متعدد جان لیوا بیماریاں پھیل رہی ہیں اور ہمارے معصوم بچے زیادہ تر اس کا شکار ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ سابقہ ادوار کی حکومتوں نے اس ضمن میں جوواٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے وہ سب کے سب نمبر 2اور ناکارہ تھے اور اس گناؤنے جرم میں جو لوگ ملوث تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ان نمبر2فلٹریشن پلانٹس سے کروڑوں ، اربوں روپے کمائے بڑے افسوس کا مقام ہے کہ ان لوگوں کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن ہر سطح پر سراہت کر چکی ہے اور اس کا خاتمہ نہ صرف معاشرے کی بھلائی کے لئے ضروری ہے بلکہ وقت کی بھی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک سے غربت ختم نہیں ہو سکتی ہمیں اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ باہر پھینکنا ہوگا تبھی ہم ایک خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ جتنی باصلاحیت پاکستانی قوم ہے اتنی دنیا میں کہیں نہیں۔انہوں نے کہا کہ خدمت انسانیت سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں اور یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ لوگ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صاف پینے کی فراہمی میں جو لوگ بھی حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں ان کی یہ خدمت قابل ستائش ہے۔

متعلقہ عنوان :