پاکستانی عوام اس ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں ،شبیراحمدخان

پیر 24 نومبر 2014 19:51

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء )جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان اور سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں لاکھوں مردوخواتین کی شرکت نے ثابت کر دیا کی پاکستانی عوام اس ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں اور اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان بن سکتا ہے۔صوبہ خیبر پختونخوا سے لاکھوں افراد کی اجتماع عام میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور دن رات ایک کرکے اجتماع عام کو کامیاب بنانے پر کارکنان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے غیور عوام نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ اسلام اور پاکستان کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔مرد وخواتین کی اتنی بڑی تعداد کے سامنے اجتماع عام میں فراہم کی گئی سہولیات بھی کم پڑ گئیں لیکن انہوں نے انتہائی خندہ پیشانی اور صبر کے ساتھ تمام مشکلات برداشت کیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قافلوں کی اجتماع عام سے واپسی پر المرکز اسلامی سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر آزاد ہوا تھا،اسلامی نظام کی خاطرہی لاکھوں مسلمانوں نے جان،مال اور عزت و آبرو کی قربانیاں دیں لیکن بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی وفات کے بعد ملک پر بیوروکریسی کی مدد سے کرپٹ اشرافیہ کا قبضہ ہو گیا۔یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے انگریزوں سے وفاداریوں کے صلے میں مراعات حاصل کی تھیں اور بڑی بڑی جاگیریں پائیں تھیں۔

ان مٹھی بھر لوگوں نے پورے ملک کو یرغمال بنا لیا اور پاکستان کو اپنی حقیقی منزل اسلامی پاکستان سے دور کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بدامنی کا شکار ہے اور عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں ہر طرف ظلم کا دوردورہ ہے،ملک میں صنعتی پہیہ رک چکا ہے اور زمینیں بنجر ہو رہی ہیں۔ملک کے تمام ادارے تباہی سے دوچار ہیں،وسائل سے بھر پور ملک ہونے کے باوجود اس کا بچہ بچہ مقروض ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجتماع عام میں لاکھوں افراد نے یہ عزم کیا ہے کہ ملک کو دوبارہ اپنی اصل کی طرف لوٹائیں گے،نئے سرے سے اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کریں گے۔ہمارے مسائل کا اس کے علاوہ کوئی حل نہیں کہ پوری قوم متحد ہو کر کرپٹ اشرافیہ کا مقابلہ کرے۔جماعت اسلامی ملک میں جمہوری طریقوں سے عوامی طاقت کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتی ہے اور عوام کے لئے اپنا اسلامی ایجنڈہ پیش کیا ہے۔

اس وقت جماعت اسلامی کے پاس ہی مخلص اوردیانتدار قیادت موجود ہے جو خود بھی عام لوگ ہیں اور عام آدی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔اجتماع عام میں اتنی کثیر تعداد میں شرکت سے لوگوں نے ثابت کر دیا وہ جماعت اسلامی کے ایجنڈے اسلامی پاکستان،خوشحال پاکستان سے متفق ہیں اور اس کا بھر پور ساتھ دیں گے۔انہوں نے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی تمام ضلعی ، زونل اور مقامی تنظیموں کو ہدایت کی کہ وہ اجتماع عام کی کامیابیوں کو سمیٹنے کے لئے ان لوگوں سے مسلسل رابطہ رکھیں جنہوں نے اجتماع عام میں شرکت کی اور انہیں جماعت اسلامی کت باقاعدہ کارکن بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لئے تحریک پاکستان کا ازسر نو آغاز کردیا گیا ہے۔