پختونوں کو متحد کرنے میں کوئی کوتاہی اور غفلت نہیں کریں گے،سردارحسین بابک

پیر 24 نومبر 2014 19:51

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء ) پختونوں کو متحد کرنے میں کوئی کوتاہی اور غفلت نہیں کریں گے۔ یہ بات اے این پی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و ترجمان سردار حسین بابک نے موضع صواوئی بونیر میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر موضع بٹکنئی ، غنڈ ،بہرام پٹے ، پیزوان گٹ اور صواوئی کے 62 خاندانوں نے جمیل خان اور عالم گیر خان کی قیادت میں عوامی جمہوری اتحاد سمیت دیگر پارٹیوں سے مستعفی ہو کر اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سردار حسین بابک نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد پیش کی اور اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پختونوں کو درپیش مسائل کا حل متحد ہونے میں مضمر ہے ۔ اور یہی وجہ ہے کہ اے این پی کے مرکزی قائد اسفندیار ولی خان اور صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی رابطہ عوام مہم پر زور دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی اور مرکزی حکومت صوبے کے مسائل سے چشم پوشی کر رہی ہیں۔

جبکہ صوبہ دونوں حکومتوں کے آپس میں ٹکراوٴ کی وجہ سے خلفشار اور مسائل سے دوچار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام درپیش مسائل کی وجہ سے عاجز آچکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر لوگوں کی اے این پی میں شمولیت اس بات کا مظہر ہے کہ لوگوں کا اے این پی کے علاوہ کسی سیاسی جماعت پر اعتماد باقی نہیں رہا ۔ اس موقع پر سابقہ ضلعی ناظم حاجی روٴف خان ، ضلعی صدر محمد کریم بابک نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء نئے شامل ہونے والوں کے گھروں پر سرخ جھنڈے بھی لگائے گئے۔