کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 8 اضلاع میں پولیو کی تین روزہ خصوصی مہم شروع ہوگئی،6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کاہدف مقرر کیا گیا،

ڈپٹی منیجرای پی آئی بلوچستان ڈاکٹر محمد اسحاق پانیزئی کی صحافیوں کو بریفنگ

پیر 24 نومبر 2014 19:37

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 8 اضلاع میں پولیو کی تین روزہ خصوصی مہم شروع ہوگئی جس کے دوران 6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کاہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی منیجرای پی آئی بلوچستان ڈاکٹر محمد اسحاق پانیزئی نے صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے 18 ، پشین کے 24 ، قلعہ عبداللہ کے 16 یونین کونسلز جبکہ ژوب ، شیرانی ، لورالائی ، موسیٰ خیل اور قلعہ سیف اللہ کے پورے اضلاع میں انسداد پولیو سے بچاؤ کی خصوصی مہم شروع کردی گئی ہے ۔

پولیو کے خصوصی مہم کے دوران 6 لاکھ 73 ہزار 8 سو 42 کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے ۔ کوئٹہ میں بچوں کو 9 مہلک بیماریوں سے بچاؤ سلسلے میں ہفتہ حفاظتی ٹیکہ جات کی خصوصی مہم بھی جاری ہے جس کے دوران 2 لاکھ 80 ہزار بچوں کو ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔و اضح رہے کہ بلوچستان میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ۔