جنوبی وزیرستان ایجنسی میں 30ماہ کے بعد پولیو مہم دوبارہ شروع ،

پولیو مہم پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ کی نگرانی میں شروع کی گئی

پیر 24 نومبر 2014 19:15

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء ) جنوبی وزیرستان ایجنسی میں 30ماہ کے بعد پولیو مہم دوبارہ شروع کرد ی گئی۔پولیو مہم پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ کی نگرانی میں شروع کی گئی ہے۔ زرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں وانا ،اعظم ورسک اور قریب وجوار کے علاقوں میں پولیو مہم کو تیس ماہ کے بعد دوبارہ پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ کی نگرانی میں شروع کردیاگیا ہے۔

تیس ماہ قبل شدت پسندوں کی جانب سے وانا کے علاقوں میں پولیو مہم کے خلاف پمفلیٹ تقسیم کئے گئے تھے جس کے بعد وانا کے علاقوں میں پولیو مہم روک دیاگیاتھا ۔سوموار سے ایک بار پھر وانا کے مختلف علاقوں میں پولیو مہم شروع ہوگئی ہے۔جنوبی وزیرستان کے ایجنسی سرجن ڈاکٹرجہانزیب وزیر پولیو ٹیموں کی خود نگرانی کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وانا کے علاقوں میں پانچ سال تک کے عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے 102موبائل ٹیمیں تشکیل د ی گئی ہیں۔

سرحدی علاقوں سے امدہ اطلاعات کے مطابق پولیو مہم کامیابی سے جاری تھی اور کسی قسم کا نا خوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا تھا ۔ادھر جنوبی وزیرستان کے اوپن ایریاز میں بھی پولیو مہم شروع ہوگئیہے ۔جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل آفسر نواب خان صافی نے قبائلی بچے کو پولیو کے قطرے پلاکر پولیو مہم کا باقائدہ افتتاح کردیاگیا ۔اس موقع پر جنوبی وزیرستان کے ایڈیشنل ایجنسی سرجن ڈاکٹر ولی الرحمن محسود اور قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پولیٹیکل آفیسرنواب خان صافی کا کہناتھا کہ پولیو ایک نہایت خطرناک مرض ہے کیونکہ یہ جب کسی بچے کو لگ جاتا ہے تو اسے ساری عمر کے لئے معزور بنادیتی ہے ہے۔انھوں نے کہا کہ پولیو کا وائرس انتہائی خطرناک ہے کیونکہ اس کا وائرس ایک علاقہ سے دوسرے علاقہ میں ہوا کے زریعے بھی منتقل ہوسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر افغانستان کے قریبی علاقوں میں پولیو کا وائرس موجود ہو تو وہ باآسانی پاکستانی علاقوں میں منتقل ہوسکتا ہے۔

محکمہ صحت فاٹا کے حکام کے مطابق جنوبی وزیرستان میں موجودہ حالات کی وجہ سے 78ہزار بچوں تک رسائی ناممکن تھی ۔جس کی وجہ سے جنوبی وزیرستان ایجنسی میں 78ہزار بچے پولیو کے قطرے محروم ہوجاتے تھے۔اور صرف 8ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جارہے تھے۔ انھوں نے پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ کی نگرانی میں شروع ہونے والے پولیو مہم کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ اس مہم کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔