انجمن مزارعین کی کال پر (کل )ہزاروں مردو خواتین مزراعین پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا دیں گے

پیر 24 نومبر 2014 18:33

اوکاڑہ ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء ) انجمن مزارعین پنجاب کے جنرل سیکرٹری مہر عبد الستار نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے ملٹری فارمز میں مزارعین کے حقوق ملکیت کے حصول کے لئے کام کرنے والی تنظیم انجمن مزارعین کی کال پر آج منگل کو ہزاروں مردو خواتین مزراعین پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا دیں گے۔ وہ پیر کویہاں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ اب حکومت سے مذاکرات لاہور میں احتجاجی دھرنے میں ہی ہوں گے۔مہر عبد الستار نے بتایا کہ ہم نے حکومت سے بار بار مطالبات کئے جن پر حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیا حالانکہ اوکاڑہ میں میاں نواز شریف نے اپنی انتخابی مہم کے دوران جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ن لیگ حکومت میں آ کر مزارعین کو حقوق ملکیت دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کلیانہ سٹیت اور رینالہ سٹیٹ کے الاٹیوں کی لیز منسوخ کی جائے۔

اور زمینیں مزارعین کے نام کی جائیں۔ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں مزارعین کی بے دخلیاں بند کی جائیں اور بے دخل مزارعین کو بحال کیا جائے۔مزارعین کے خلاف درج تمام جھوٹے مقدمات خارج کئے جائیں اور جاگیداری نظام کا خاتمہ کیا جائے۔ان مطالبات کی منظوری کے لئے ہم لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملٹریفارمز ،لائیو سٹاک فارمز اور سیڈ فارمز کے 100سالہ مزارعین کو فوری طور پر مالکانہ حقوق دے۔