ہسپتال میں ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف اور سینٹری سٹاف کی حاضری یقینی بنائی جائے ، ڈیوٹی پر تاخیر سے آنیوالوں اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں عدم دلچسپی برتنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی

پیر 24 نومبر 2014 18:33

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد عثمان نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹروں،پیرا میڈیکل سٹاف اور سینٹری سٹاف کی بروقت حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور ڈیوٹی پر تاخیر سے آنے والوں اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں عدم دلچسپی برتنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔

وہ پیر کو یہاں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے اچانک دورہ کے دوران ڈاکٹرز سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر منیر بھی انکے ہمراہ تھے۔انہوں نے واضح کیا کہ صحت کے اہم ترین شعبہ میں پبلک سروس کے معیار کو بہتر بنانا اہم حکومتی ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور اس شعبہ سے وابستہ سرکاری افسران ،ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کو ڈیوٹی کے مطابق اپنی حاضری کو یقینی بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو علاج معالجہ کی تمام ممکنہ سہولیات کے لیے بھر پور وسائل کر رہی ہے اور ڈاکٹروں کا فرض ہے کہ وہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے انکو بہترین خدمات فراہم کریں ۔ڈی سی او نے اپنے دورہ کے دوران غیر حاضر پائے جانے والے ڈاکٹروں اور دیگر عملہ سے تحریری وضاحت طلب کرتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر منیر کو ہدایت کی کہ وہ ڈیوٹی کے اوقات کار پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔

قبل ازایں ڈی سی او نے سبزی منڈی کا بھی اچانک دورہ کیا اور وہاں پر پھلوں ،سبزیوں کے نرخوں اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے مارکیٹ کمیٹی کے عملہ کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مفاد میں پھلوں ،سبزیوں کی شفاف نیلامی کو یقینی بنائیں۔ڈی سی او نے ٹی ایم او حیدر چٹھہ اور ٹی او آر اکرام اللہ سندھو کے ہمراہ گوجرانوالہ روڑ،مدھریانوالہ روڑ ،سبزی منڈی اور دیگر جگہوں کی صفائی ستھرائی کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے سالڈ ویسٹ کی بروقت ڈسپوزل کے حوالہ سے ٹی ایم اے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسکو مذید بہتربنانے کی ہدایت کی۔