صوابی ،مسجد کی دیوار گرنے سے ٹھیکہ دار سمیت دو افراد جاں بحق،5زخمی

پیر 24 نومبر 2014 18:24

صوابی ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء ) صوابی کے گاؤں جلبئی جونترو کے گڈ بانو کو رونہ (فقیر کورونہ) میں لنٹر ڈالنے کے دوران مسجد کی دیوار گر جانے سے ملبے تلے دب جانے سے ٹھیکہ دار سمیت دو افراد جاں بحق جب کہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ جب کہ دیگر افراد معجزانہ طور پر بچ گئے پولیس تھانہ تورڈھیر کے ایس ایچ او ابرار خان بمعہ پولیس نفری موقع پر پہنچے اور لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

گڈ بانو کورونہ کے مکینوں نے ایک ماہ قبل گاؤں میں ایک مسجد تعمیر کرائی تھی اور چندے سے پیر کے روز مسجد کی چھت کے لئے لنٹر ڈال رہے تھے جب آدھا لنٹر ہوا تو اس دوران لنٹر کا بوجھ برداشت نہ کر تے ہوئے مسجد کی ایک دیوار جس میں سریا استعمال نہیں کیا گیا تھا اچانک گر گئی جس کے نتیجے میں لنٹر اور دیوار کے ملبے تلے آکر ایک مزدور فضل داد ولد محمد اعظم سکنہ جونترو فقیر کورونہ موقع پر جاں بحق جب کہ دوسرا شٹرنگ کا ٹھیکہ دار سید بہادر ولد اسماعیل سکنہ شیدو شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا دیگر افراد مکسچر مشین جو کہ دیوار کے ساتھ لگائی گئی تھی کی رکاؤٹ کی وجہ سے بال بال بچ گئے اگر میٹریل تیار کر نے والی مشین دیوار کے پاس نہ ہو تی تو سارا ملبہ دیگر افرادپر آنے سے کافی جانیں ضائع ہو جاتی۔

(جاری ہے)

مقامی ایم پی اے عبدالکریم نے اس سانحہ پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کر کے ان کے ایصال ثواب کے لئے دُعا کی اور مجاز حکام سے متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد کر نے کی اپیل کی ۔