وزیر اطلاعات کی زیر صدارت ایف ایم ریڈیوز پشاور اور مردان سے متعلق اجلاس

پیر 24 نومبر 2014 17:35

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے عوام کو حکومت کے اصلاحاتی اقدامات سے بہتر انداز میں آگاہ کرنے کیلئے موثر حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا ہے تاکہ عوام حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے ثمرات سے اچھی طرح مستفید ہو سکیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف ایم ریڈیو پختونخوا پشاور اور ایف ایم ریڈیو پختونخوا مردان کے بارے میں بریفنگ کے دوران کیا ۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ محمد اسرار ، ڈائریکٹر اطلاعات امداد اللہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔قبل ازیں سٹیشن ڈائریکٹر ایف ایم ریڈیو پختونخوا پشاور شعیب الدین اور پختونخوا ریڈیو مردان کے سٹیشن منیجر شمس الحق نے ایف ایم چینلز کے بارے میں بتایا کہ صوبے کے بیشتر اضلاع اورقبائلی ایجنسیوں میں ایف ایم ریڈیو کی نشریات سنی جاتی ہیں اور اس میں عوام کی دلچسپی کیلئے مختلف پروگرامات پیش کئے جا رہے ہیں جن میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے شروع کئے گئے اصلاحاتی اور ترقیاتی اقدامات، مختلف بیماریوں سے آگہی اور بچاؤ ، زراعت کے فروغ ، سیاحت و سپورٹس، مختلف علاقائی سرگرمیوں اور حالات حاضرہ کے حوالے سے بھی پروگرام پیش کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی و زیر اطلاعات نے کہا کہ ایف ایم ریڈیو کے ذریعے صوبائی حکومت کی کارکردگی ، پالیسیوں اور قانون سازی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام حکومتی اقدامات سے با خبر ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے پروگرام بھی ترتیب دئیے جائیں جن میں صوبائی وزراء اپنے محکموں کی کارکردگی سے آگاہ کریں اور عوامی شکایات کا ازالہ بھی کر سکیں۔

صوبائی وزیر نے ایف ایم ریڈیو کے ذریعے لوگوں کی اصلاح پر توجہ دینے کی ہدایت کی ۔انہوں نے نشریاتی پروگراموں میں جاذبیت پیدا کرنے اور لوگوں کو صحت مند تفریح مہیا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اسی طرح انہوں نے ایف ایم ریڈیو پر حزب اختلاف کو بھی اپنے خیالات کے اظہار کرنے کا موقع فراہم کرنے کی ہدایت کی اس کے علاوہ صوبائی وزیر نے مقامی سرگرمیوں اور مختلف محکموں کے زیر اہتمام اٹھائے جانے والے اقدامات کو بھر پور کوریج دینے کی تلقین کی۔

انہوں نے ایف ایم ریڈیو کی نشریات کو مزید نکھارنے اور ان چینلز کو مالی اور انتظامی لحاظ سے مستحکم بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو ایف ایم ریڈیوز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا جس پر صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :