Live Updates

پرویز رشیدکے طیارے کے استعمال کے حوالے سے الزامات بے بنیاد ہیں ، الزامات پر پرویز رشید کو لیگل نوٹس دوں گا، اگر انہوں نے معافی نہ مانگی تو میں عدالت میں جاؤں گا، جب طیارہ استعمال کیا تو اس کے بل کی ادائیگی کمپنی کو کی ، اگر عمران خان میرے ساتھ ہوتے ہیں تو اس سے کسی کو اعتراض کرنے کا حق نہیں،میری کمپنی کے قانونی مشیر آئندہ دو تین روز میں ملک میں واپس آجائیں گے ، حکمران 30نومبر کے اسلام دھرنے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، اس لئے وہ ہم پر مزید الزامات عائد کریں گے جن کا ہم سامنا کرنے کو تیار ہیں، پرویز رشیداور شریف خاندان کے اقتدار سے پہلے استعمال کیے جانیوالے جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کے بل قوم کے سامنے پیش کریں ، نواز شریف اور شہباز شریف نے جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کے استعمال کے بل ادا نہیں کیے ہونگے وہ قوم کو یہ بتائیں کہ یہ طیارے اور ہیلی کاپٹر کس کے تھے، ادائیگی کون کرتا رہا ہے

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کی ملتان میں پریس کانفرنس

پیر 24 نومبر 2014 17:27

ملتان (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے وفاقی وزیرا طلاعات پرویز رشیدکے طیارے کے استعمال کے حوالے سے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات پر پرویز رشید کو لیگل نوٹس دوں گا، اگر انہوں نے معافی نہ مانگی تو میں عدالت میں جاؤں گا، میں نے جب طیارہ استعمال کیا ہے تو اس کے بل کی ادائیگی کمپنی کو کی ہے، اگر عمران خان میرے ساتھ ہوتے ہیں تو اس سے کسی کو اس پر اعتراض کرنے کا حق نہیں،میری کمپنی جے ڈی ڈبلیو ( شوگرمل ) کے قانونی مشیر آئندہ دو تین روز میں ملک میں واپس آجائیں گے ، حکمران 30نومبر کے اسلام دھرنے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، اس لئے وہ ہم پر مزید الزامات بھی عائد کریں گے جن کا ہم سامنا کرنے کو تیار ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ پرویز رشید نے جس طیارے کے استعمال پر الزام لگایا ہے اس کا 70فی صد خرچہ میں اورمیری فیملی ادا کر تے ہیں پورے ایک سال میں 30ستمبر 2013ء تک اس طیارے کے استعمال پر 5کروڑ 78لاکھ روپے خرچ آئے جس میں سے میں نے اور میری فیملی نے 4کروڑ 8لاکھ روپے ادا کیے پرویز رشید کو سمجھ آجانی چاہیے کہ انہوں نے کہا کہ پرویز رشید نے سوچے سمجھے بغیر بیان دے دیا ہے میرے پاس کمپنی کی آرڈ رپورٹ موجود ہے۔

کمپنی کے قوانین کے مطابق میں یہ طیارہ ذاتی طور پر بل ادا کرکے استعمال کر سکتا ہوں کیونکہ میں خود اس کے پیسے ادا کرتا ہوں کیونکہ مجھے سے کوئی نہیں پوچھ سکتا ۔ جہانگیر ترین نے پرویز رشید سے کہا کہ وہ میاں نواز شریف ، میاں شہباز شریف اور انکی فیملی کی طرف سے اقتدار سے پہلے استعمال کیے جانے والے جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کے بل قوم کے سامنے پیش کریں جو اربوں روپے میں ہونگے یقینا میاں نواز شریف اور شہباز شریف نے جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کے استعمال کے بل ادا نہیں کیے ہونگے وہ قوم کو یہ بھی بتائیں کہ یہ طیارے اور ہیلی کاپٹر کس کے تھے اور اس کی ادائیگی کون کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز رشید کا یہ الزام بھی غلط ہے کہ میاں اپنی کمپنی میں جسے میں نے انتہائی محنت سے بنایا ہے میں اقلیتی شےئر ہولڈرہوں اس کمپنی کے شےئر میرے میری بیوی اور بچوں کے نام ہیں اس طرح میں اکثریتی شےئر ہولڈر ہوں ہماری شوگر مل کی شہرت اس لئے بھی اچھی ہے کہ ہم کاشتکاروں کو پندرہ سے بیس دنوں میں واجبات ادا کرتے ہیں اور ہمارے بارے شےئر ہولڈر بھی مطمئن ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری شوگر مل بجلی پیدا کرنے والی پہلی مل ہے اور ہم نیپرا قوانین کے مطابق بجلی فروخت کرتے ہیں انہوں نے پرویز رشید کو چیلنج کیا کہ وہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے علاوہ اپنے سفری اخراجات قوم کے سامنے پیش کریں کیونکہ میں نے تو قوم کے سامنے اپنے اخراجات کا پورا ریکارڈ آڈٹ رپورٹ کے ساتھ پیش کر دیا ہے جہانگیر ترین نے کہا کہ حکمران اصل ایشوز کی جانب توجہ نہیں دے رہے عوام مہنگائی ، بے روزگاری ، بجلی اور گیس کے بحران کا شکار ہیں عمران خان کی کال پر قوم جاگ چکی ہے اور یہ حکمران بوکھلاہٹ میں اوچھے حربے استعمال کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ 30نومبر سے قبل ہمارے کسی بھی کارکن کو گرفتار کیا گیا تو حالات کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی عمران خان کا دھرنا سو دن سے تجاوز کر گیا ہے پی ٹی آئی کے کسی کارکن کا پاکستان ٹیلی ویژن یہ کسی جگہ بھی حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے دہشت گردی کی دفعہ اصل میں دہشت گردوں کے خلاف استعمال ہونی تھی لیکن موجودہ حکمرانوں نے اس دفعہ کو سیاستدانوں کے خلاف انتقام کے طور پر استعمال کرناشروع کر دیا ہے ہمارا مقصد 2013ء کے دھاندلی زدہ الیکشن کو عوام کے سامنے پیش کرنا تھا ۔

میرے انتخابی حلقہ 154میں 21ہزار ووٹوں کی دھاندلی ثابت ہو گئی ہے اور نادرا نے رپورٹ بھی دے دی ہے لیکن اس کے باوجود ابھی تک بحث جاری ہے اور انصاف نہیں مل رہا اس حلقے میں میری ناکامی صرف ساڑھے نو ہزار ووٹوں کی دکھائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ کاشتکار اس قت سخت مشکلات کا شکار ہے ان کی نہ تو پھٹی فروخت ہو رہی ہے نہ ہی دھان ۔ اگر موجودہ حکمران چار حلقے اوپن کر دیتے تو دھاندلی ثابت ہو جاتی مگر حکمران خوف زدہ ہیں اس لئے انہوں نے چار حلقے اوپن نہیں کیے اور نہ ہی حکمران دھاندلی پر کمیشن بنانے پر مخلص ہیں سپریم کورٹ کے جج پر مشتمل تحقیقاتی کمیشن ہونا چاہیے جو انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کریں ۔

اب یہ بات ثابت ہو چکی ہے 11 مئی 2013ء کے الیکشن سے دو دن قبل 9اور دس مئی کو اردو بازار لاہور میں بیلٹ پیپر شائع ہوئے جس کی رپورٹس میڈیا پر نشتر ہو چکی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر 30نومبر سے قبل اگر اسلام آباد دھرنے کا راستہ روکنے کیلئے ریاستی مشینری استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تو نتائج کے ذمہ دار حکمران ہونگے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کا آئینی جنرل سیکرٹری ہوں مجھ سے قبل پرویز خٹک سیکرٹری جنرل تھے جب وہ وزیراعلیٰ بنے تو سی سی نے عمران خان کو یہ اختیار دیا کہ وہ پارٹی کے اہم عہدے اپنی مرضی سے نامز د کر سکتے ہیں جب ان سے سوال کیا گیا کہ تحریک انصاف نے چنوں لغاری جیسے کرپٹ لوگوں کو پارٹی میں شامل کیا جارہا ہے جہانگیر ترین نے جواب دیا کہ تحریک انصاف ایک بڑی جماعت ہے جس میں آنے سے کسی کو نہیں روک سکتا تاہم جب ٹکٹوں کی تقسیم ہونگی تو صاف اور شفاف لوگوں کو سامنے لایا جائے گا جس کے لئے پولٹیکل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جب ان سے سوال کیا گیا کیا 30نومبر کا دھرنا ایک دن کا ہوگا یہ اس میں توسیع ہو سکتی ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ اس کا اعلان عمران خان 30نومبر کو دھرنے میں دیں گے خیبر پختو انخوہ میں کاروبار کرنے کے الزام میں جہانگیر ترین نے کہا کہ جب سے کے پی کے میں تحریک انصاف میں حکومت بنی ہے تو انہوں نے وہاں کوئی بزنس نہیں کیا البتہ 2008ء میں کے پی کے میں ایک بزنس شروع کیا تھا جس کا معاہدہ 2020ء تک کا ہے اس پر یہ بھی مجھ پر الزام غلط ہے ۔

اس موقع پر نواب امان اللہ ، ابراہیم خان ، پیر رضائے شاہ گیلانی ، ڈاکٹر شیر محمد اعوان ، سعد خورشید کانجو، اعجاز جنجوعہ ، شیخ عامر خلیل ، ڈاکٹر روبینہ اختر ہمراہ تھے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات