صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم محمد نواز شریف کی افغان صوبے پکتیا میں دھماکے کی شدید مذمت

پیر 24 نومبر 2014 15:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے افغان صوبہ پکتیا میں بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد مشترکہ دشمن ہیں، دونوں ممالک کو مل کر ان کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

اپنے الگ الگ بیانات میں صدر مملکت نے واقعہ پر افغان حکومت اور عوام کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ایک مشترکہ دشمن ہیں اور دونوں ممالک کو مل کر ان کاخاتمہ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد دونوں ممالک کا مشترکہ دشمن ہیں اوردونوں ممالک مشترکہ طور پر اس لعنت کا خاتمہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کراچی میں اے این پی کے ایک عہدیدار کے قتل پر بھی اظہار تعزیت کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے دکھ کی اس گھڑی میں افغان حکومت ، عوام اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔