متحدہ نے شہر قائد میں امن و امان کی صورت حال‘ کیمپ پر حملے پر سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست جمع کرادی

پیر 24 نومبر 2014 15:44

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء ) متحدہ قومی موومنٹ نے شہر قائد میں امن و امان کی موجودہ صورت حال اور چند روز قبل ایم کیو ایم کے کیمپ پر حملے پر سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست دیدی ۔سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد اور ڈپٹی لیڈر خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر ارکان نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کے دفتر میں درخواست جمع کرائی۔

درخواست میں 51 ارکان دستخط موجود ہیں۔ درخواست جمع کرانے کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور چند روز قبل اورنگی ٹاوٴن میں ایم کیو ایم کے کیمپ پر حملے کے خلاف اجلاس بلانے کی درخواست دی ہے۔ ماضی میں بھی اسی جماعت کی حکومت میں کراچی میں ایم کیوایم کے 3 ارکان اسمبلی کو شہید کیا گیا۔

(جاری ہے)

شہر میں روزانہ سیکڑوں موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں چھینی جاتی ہیں، ایم کیو ایم پر اس طرح کے حملے ہورہے ہیں تو عام آدمی کا کیا ہوگا۔ حکومت ایوان میں بڑی بڑی باتیں کرتی ہے، پیپلز پارٹی کے وزرا چین کی بانسری بجا رہے ہیں، حکومت بیان بازی کے بجائے ایوان میں جواب دے۔واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن میں متحدہ قومی موومنٹ کی رکنیت سازی کے سلسلے میں قائم مہم میں کریکر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :