ملکی دفاع میں آئی ایس آئی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کررہی ہے، پاکستان کی دفاعی لائن پرفخر ہے، آئی ایس آئی دفاعی لائن کا پہلا حصار ہے ،آئی ایس آئی کے جوانوں کی پاکستان کے دفاع کے لیے دی گئی قربانیاں قابل تعریف ہیں

وزیر اعظم نواز شریف کی ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات میں گفتگو

پیر 24 نومبر 2014 15:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع میں آئی ایس آئی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کررہی ہے، پاکستان کی دفاعی لائن پرفخر ہے، آئی ایس آئی دفاعی لائن کا پہلا حصار ہے ،آئی ایس آئی کے جوانوں کی پاکستان کے دفاع کے لیے دی گئی قربانیاں قابل تعریف ہیں، وہ پیر کو ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینیٹ جنرل رضوان اختر سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔

پیر کو ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل رضوان اختر نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات میں آپریشن ضرب عضب سمیت آئی ڈی پیز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں ملکی سلامتی کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

ملکی سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے آئی ایس آئی کے پیشہ وارانہ امور، آپریشن ضرب عضب ، آپریشن خیبرون، کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری سمیت ملک کو درپیش چیلنجزز، پاک افغان بارڈر کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

ڈی جی آئی ایس آئی نے خفیہ اداروں کی کامیابیوں کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نوازشریف نے آئی ایس آئی کے کردار کوسراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع میں آئی ایس آئی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کررہی ہے ،پاکستان کی دفاعی لائن پرفخر ہے، آئی ایس آئی دفاعی لائن کا پہلا حصار ہے ۔آئی ایس آئی کے جوانوں کی پاکستان کے دفاع کے لیے دی گئی قربانیاں قابل تعریف ہیں۔