حلقہ این اے 122میں 28امیدواروں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال نہ کرنے کی استدعا مسترد

پیر 24 نومبر 2014 14:56

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122کی ریٹرننگ افسر شاہدہ سعید نے اس حلقے کے ریکارڈ کی دوبارہ جانچ پڑتال کے دوران (ن) لیگ اور تحریک انصاف کے علاوہ دیگر 28امیدواروں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال نہ کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ریٹرننگ افسر شاہدہ سعید نے عمران خان کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست پر کاروائی کی۔

(جاری ہے)

عمران خان کے وکیل کی جانب سے ریٹرننگ افسر کو آگاہ کیا گیا کہ عمران خان نے این اے ایک سو بائیس میں انتخابی دھاندلی کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں درخواست دے رکھی ہے اس حلقے کے کسی اور امیدوار نے اس حوالے سے درخواست دائر نہیں کی۔الیکشن ٹربیونل اس حلقے کے ریکارڈ کی دوبارہ جانچ پڑتال کا حکم جاری کر چکا ہے۔لہذا اس حلقے سے قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور عمران خان کے انتخابی ریکارڈ کی ہی دوبارہ جانچ پڑتال کی جائے دیگر امیدواروں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال غیر قانونی ہے۔

تاہم ریٹرننگ افسر نے عمران خان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 25نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے دیگر امیدواروں کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔