Live Updates

لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے فل بنچ کو بھجوانے کی سفارش کر دی

پیر 24 نومبر 2014 14:56

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لئے فل بنچ کو بھجوانے کی سفارش کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ نے کیس کی سماعت کی۔عدالتی سماعت کے موقع پر درخواست گزار گوہر نواز سندھو نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پنجاب عمران خان کے تیس نومبر کو ہونے والے جلسے کو ناکام بنانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اس سلسلے میں پولیس کو کارکنوں کی گرفتاری کے احکامات صادر کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی احکامات ملتے ہی پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں کا سلسہ شروع کر دیا ہے اور نہ صرف انہیں حراساں کیا جا رہا ہے بلکہ انکی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب حنیف کھٹانہ نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست ناقابل سماعت ہونے کی بناء پر مسترد کی جائے۔تاہم عدالت نے درخواست کو مزید سماعت کے لئے فل بنچ کے روبرو بھجوانے کی سفارش کرتے ہوئے پٹیشن چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات