خواتین کو اغواء کر کے بیرون ملک فروخت کرنے والے تین انسانی سمگلروں احا طہ عدا لت سے فرار

پیر 24 نومبر 2014 14:56

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء)خواتین کو اغواء کر کے بیرون ملک فروخت کرنے والے تین انسانی سمگلر وں کو پیشی کی بعد وکلاء نے لاہور ہائیکورٹ سے فرار کرا دیا، فرارہونے والے چوتھے ملزم کو حراست میں لینے پر وکلاء نے سب انسپکٹر محمد منشاء کو مار مار کر وردی بھاڑ ڈالی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار محسن رضا نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے چار افراد کو حبس بیجا میں رکھا ہے۔تھانہ صدر فیصل آباد کے تفتیشی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس نے ان افراد کو اغوا اور انسانی سمگلنگ کے مقدمہ میں گرفتار کر رکھا ہے ان ملزمان کے قبضہ سے فیصل آباد کی رہائشی ثناء نامی لڑکی پاسپورٹ سمیت برآمد کر لی گئی ہے جسے دھندے کے لئے دبئی بھجوای جانا تھا۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزمان پہلے بھی پاکستان سے لڑکیاں اغواء کر کے ملائشیاء،سنگاپور اور دبئی بھجوا چکے ہیں۔جس پر عدالت نے حبس بیجا کی درخواست خارج کرتے ہوئے ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا۔عدالت سے پیشی بھگتنے کے بعد ملزم شہریار،قاسم،افتخار اور جاویدجونہی کمرہ عدالت سے باہر آئے تو ملزمان کے وکلاء نے اپنے دو درجن ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر دھاوا بول دیا اور ملزمان کو فرار کرا دیا تاہم پولیس نے وکلاء تشدد کے باوجود بھاگنے والے ایک ملزم افتخار کو گرفتار کر لیا۔

تفتیشی افسر نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ فرار ہونے والے ملزمان کے پاس پاسپورٹ موجود ہیں اور انکے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے۔