فیصل آباد ،شہزادہ قطر کے قافلے میں شامل پولیس گاڑی کی ٹکر سے طالب علم سمیت تین افراد زخمی

پیر 24 نومبر 2014 14:54

فیصل آباد ،شہزادہ قطر کے قافلے میں شامل پولیس گاڑی کی ٹکر سے طالب علم ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) پاکستان شکار کے لئے آنیوالے شہزادہ قطر کے قافلے میں شامل پولیس کی گاڑی کی ٹکر سے طالب علم سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ اُردو پوائنٹ کے مطابق قطر کے شہزادہ شیخ جاسم الثانی گزشتہ روز اپنے شاہی خاندان اور کابینہ کے اراکین کے ہمراہ پاکستان میں غیر قانو نی نایا ب پرندے ”تلور“ کا شکار کرنے کے غرض سے فیصل آباد ایئرپورٹ پر آئے جہاں سے ایلیٹ فورس اور رینجرز کے دستوں کی حفاظت میں انہیں دوپہر سے رات گئے تک پندرہ گاڑیوں پر مشتمل قافلے کی صورت میں اٹھارہ ہزاری پہنچایا گیا، گزشتہ شام شہزادہ قطر کا قافلہ اٹھارہ ہزاری سے واپس فیصل آبا دایئر پورٹ آ رہا تھے کہ فافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نمبری JGK-940 تیز رفتاری سے ایئرپورٹ کی جانب بڑھی تو ایئرپورٹ چوک میں سڑک کراس کرتے ہوئے ایک ہی موٹرسائیکل پر سوار تین نوجوانوں کو گاڑی نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں 75ج ب سوہل کارہائشی نویں جماعت کے طالب علم محمد سانول کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ اس کے ساتھ شہزاد اور اسلم شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

شہزادے کا کارواں حادثے اور زخمیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایئرپورٹ روانہ ہوگیا جبکہ ناکے پر موجود پولیس اہلکار انچارج چوکی رشید آباد اے ایس آئی ظفرنے بتایا کہ میں نے اشارہ کرکے موٹرسائیکل سوار کو رکنے کا کہا تھا لیکن وہ نہ رکا اور حادثے کا شکار ہوگیا، ریسکیو 1122نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا۔

متعلقہ عنوان :