Live Updates

عمران خان نے سیاست میں ناشائستگی‘ بدتہذیبی اور الزامات لگانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا،ہوس اقتدار انہیں چین سے نہیں بیٹھنے دیتی‘ وہ آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے،پی ٹی آئی نائٹ شو کے علاوہ کچھ نہیں کرتی‘ 2018ء میں عمران خان کو اصلیت کا پتہ چل جائے گا،مسلم لیگ (ن) کے رہنما و ممبر صوبائی اسمبلی رانا ثناء اللہ خاں کاعمران خان کے خطاب پرردعمل کااظہار

اتوار 23 نومبر 2014 21:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23نومبر۔2014ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و ممبر صوبائی اسمبلی رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاست میں ناشائستگی‘ بدتہذیبی اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ نوازشریف ان کے ذہن پر سوار ہو چکے ہیں کیونکہ درحقیقت وہ موجودہ حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے سے خوفزدہ ہیں۔ عمران خان 2018ء کے انتخابات کا انتظار کریں انہیں سیاسی لحاظ سے اپنی اصلیت کا بخوبی پتہ چل جائے گا۔

رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ دھرنا اور سیاسی احتجاج صرف عمران خان کی ذات کے لئے ہے اور ہوس اقتدار انہیں چین سے نہیں بیٹھنے دیتی۔ ان کی جھوٹ اور دوعملی پر مبنی سیاست نہیں چلے گی‘ وہ صبح کچھ اور شام کو کچھ اور کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان کو اداروں پر اعتبار ہی نہیں وہ انصاف کس سے مانگتے ہیں۔ راناثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی گوجرانوالہ میں بھی نائٹ شو کرنے کے علاوہ کوئی اور تیر نہیں مار سکی۔

یہ حقیقت ہے کہ عوام عمران خان کے جلسوں میں موسیقی سننے اور ہلہ گلہ کرنے کے لئے آتے ہیں جس کا برملا اظہار گوجرانوالہ کے جلسے کے دوران اور اس کے اختتام پربھی کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کا حق ہے کہ انہیں مستقبل کے سہانے خواب دکھانے والے عمران خان سے یہ ضرور پوچھیں کہ انہوں نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں کے پی کے میں کیا کیا ہے؟ رانا ثناء اللہ نے شیخ رشید پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ بازاری زبان میں گفتگو کرنے کے علاوہ شیخ رشید کے پاس کوئی اور ہنر نہیں۔ عوام ان کی عامیانہ باتوں پر ہرگز اعتبار نہیں کریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات