تیزرفتار ترقی اورمعاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سیاسی استحکام اور امن ناگزیرہے،پاک افواج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے امن کے دشمنوں کیخلاف برسرپیکار ہیں،انتشار کی سیاست کرنیوالے اپنے منفی رویوں پر نظر ثانی کریں،دھرنے والوں نے سیلاب میں گھرے بہن بھاےؤں کی مدد کرنے کی بجائے سرمایہ بے مقصد دھرنوں پر ضائع کرکے بے حسی کا مظاہرہ کیاوزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر سینیٹر ساجد میر سے ملاقات کے دوران گفتگو

اتوار 23 نومبر 2014 20:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23نومبر۔2014ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ پروفیسر سینیٹر ساجد میر نے یہاں ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہپاکستان تاریخ کے نازک دور سے گزررہا ہے۔

پاک افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسورکے خاتمے کے لئے امن کے دشمنوں کیخلاف برسرپیکار ہیں۔پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کی لازوال قربانیوں پر پوری قوم کو فخرہے۔انہوں نے کہا کہتیزرفتار ترقی اورمعاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سیاسی استحکام اور امن ناگزیر ہے۔معاشرے میں امن ،بھائی چارے،اخوت اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے کیلئے علمائے کرام کو اپنا موثر کردارادا کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنے اورانتشار کی سیاست کرنیوالے اپنے منفی رویوں پر نظر ثانی کریں۔ ملک و قوم کی ترقی کے سفر میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی سازشیں کرنیوالے پاکستان کے عوام کے ساتھ دشمنی کررہے ہیں۔دھرنے والوں نے سیلاب میں گھرے بہن بھاےؤں کی مدد کرنے کی بجائے سرمایہ بے مقصد دھرنوں پر ضائع کیا اورمشکل میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ بے حسی کا مظاہرہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے سیلاب متاثرین کی بھر پور مدد کی ہے اور سیلاب متاثرین کی مالی امدادکیلئے16ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا ہے۔ممبر قومی اسمبلی حافظ عبدالکریم بھی اس موقع پرموجود تھے ۔