Live Updates

اقتدار کی ہوس میں مبتلا عمران خان تحریک انصاف کو زیراستعمال ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے جہاز کی طرزپر چلارہے ہیں،غیروں کے ٹکڑوں پر پلنے والے انقلاب نہیں لاسکتے،30 نومبر کی آڑ میں اسلام آباد پر حملہ برداشت نہیں کیا جائیگا، وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی کا بیان

اتوار 23 نومبر 2014 20:42

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23نومبر۔2014ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہاہے کہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا عمران خان تحریک انصاف کو بھی زیراستعمال ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے جہاز کی طرزپر چلارہے ہیں،غیروں کے ٹکڑوں پر پلنے والے انقلاب نہیں لاسکتے،30 نومبر کی آڑ میں اسلام آباد پر حملہ برداشت نہیں کیا جائیگا۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک چین معاہدوں کی مخالفت کرنے والے اپنی ناکامی پر تلملا اٹھے ہیں اور منافقت کا لبادہ پہن کرآج چائنہ کو اپنا بھائی قرار دینا شروع ہوگئے ہیں،ہر شخص کی ہاں میں ہاں ملانا،دمڑی اور چمڑی بچانا شیخ رشیدکا پرانا وطیرہ ہے،شاہ محمودقریشی نے سچ کہا کہ ”پرائی بارات میں ناچے کوئی اور،، انہوں نے کہا کہ علماء کرام کے قدموں میں بیٹھنے کے دعوے کرنے والے شیخ رشید کی لال حویلی کی سیاست اب ناچ گانے تک محدود ہوگئی ہے، سارے خیراتی سیاستدان حکومت کی مخالفت میں ایک ہوگئے ہیں،عوام ان پر حیران ہیں کہ کھاتے مانگ مانگ کر ہیں اور باتیں بڑھ بڑھ کر کرتے ہیں،شیخیاں مارنے سے باز نہیں آتے،اس کی تو وہی مثل ہے کہ”خیرات کے ٹکڑے اور بازار میں ڈکار،،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ اقتدار کے پجاری اور خیراتی سیاستدانوں نے ہر کسی کا دامن پکڑنے کی کوشش کی لیکن کسی نے انہیں سہارا نہیں دیاکیونکہ ہر کوئی ان کی اصلیت سے واقف ہے،ملک میں زلزلہ آئے یا سیلاب سونامی کی صورت میں آئے ان لوگوں نے کسی غریب کو روٹی کھلانا بھی گوارا نہیں کیا ،یہ لوگ اپنے کنٹینر اور جہاز سے باہر آنے کو تیار ہی نہیں ہوتے،ان کا مقدر اقتدار نہیں بلکہ میلہ اور ٹھیلہ ہے،ان کو انتخابی اصلاحات سے بھی کوئی سروکار نہیں ،ان کو تو بس حکومت گرانے کا ایک بہانہ چاہیئے،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت 2018 تک اپنی آئینی مدت پوری کریگی اور وزیراعظم نواز شریف کچھ بھی ہو اقتدار نہیں چھوڑیں گے،ویسے بھی خدا کا شکر ہے کہ عمران خان نے تسلیم کرلیا ہے کہ میاں نواز شریف کا نام لینے سے انہیں سکون کی اور میٹھی نیند آتی ہے،اسلیئے 30 نومبر کے بعد عمران خان کی آگ ٹھنڈی ہوجانی چاہیئے۔

(جاری ہے)

عمران خان کو آئندہ انتخابات کا انتظار کرنا ہوگا کیونکہ عوام انہیں ووٹ کی طاقت سے لئی برد کردیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات