Live Updates

عمران خان نے عدلیہ ، پارلیمنٹ اور میڈیا کو گالیاں دیں، پنجاب اور سندھ کے عوام عمران خان کے دھوکے میں نہ آئے ،پاکستان اور کالا باغ ڈیم اکٹھے نہیں چل سکتے،عمران خان میں ہمت ہے تو پنجا ب میں کالا باغ ڈیم کے خلاف آواز اُٹھائیں، خیبر پختون خواہ کے وزیر اعلی کا کنڑول عمران خان کے ہاتھوں میں ہے،عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفندیار ولی خان کاجلسہ سے خطاب

اتوار 23 نومبر 2014 19:24

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23نومبر۔2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے عدلیہ ، پارلیمنٹ اور میڈیا کو گالیاں دی ہیں، پنجاب اور سندھ کے عوام عمران خان کے دھوکے میں نہ آئے ،پاکستان اور کالا باغ ڈیم اکٹھے نہیں چل سکتے،عمران خان میں ہمت ہے تو پنجا ب میں کالا باغ ڈیم کے خلاف آواز اُٹھائیں، خیبر پختون خواہ کے وزیر اعلی کا کنڑول عمران خان کے ہاتھوں میں ہے ۔

وہ اتوار کوچارسدہ میں ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل ظفر اللہ خان اختر منیر خان ڈاگئی اور پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر نعیم خان عمر زئی کی اے این پی میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ جلسہ سے اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان ، سید عاقل شاہ ، ارشد عبداللہ ، محمد احمد خان اور پارٹی کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اسفندیار ولی خان نے اپنے تقریر میں کہا کہ اپریشن ضرب عضب کو فوری طو ر پر منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہو چکا ہے تاکہ متاثرین باعزت طریقے سے اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کو معلوم ہے کہ پختون قوم کو کن قوتوں نے دہشت گرد بنایا ۔ ازبک ، عرب ، چیچن کو بھی ان قوتوں نے پاکستان کی سرزمین پر جگہ دی مگر دنیا جان لیں کہ پختونوں کا خون مزید نہیں بہنے دینگے ۔

انہوں نے سندھ اور پنجاب کے عوام سے اپیل کی کہ عمران خان کے جھوٹے وعدوں اور دعوؤں پر دھوکہ نہ کھائیں ۔ پنجاب اور سندھ کے لوگ پہلے نئے خیبر پختون خواہ کا مطالعہ ضرور کریں تاکہ ان کو حقائق کا پتہ چل سکے ۔ کالا باغ ڈیم کے حوالے سے اسفندیارولی خان نے کہاکہ کالا باغ ڈیم مردہ گھوڑا ہے ۔ پرویز الہی پنجاب کے لوگوں کو دھوکہ دینے کیلئے کالا باغ ڈیم پر سیاست بند کریں ۔

انہوں نے عمران خان کو چیلنج دیتے ہوئے کہاکہ ان میں ہمت ہے تو پنجاب کی سر زمین پر کالا باغ ڈیم کے خلاف زبان کھولے ۔ اے این پی کسی کو یہ اجاز ت نہیں دے سکتی کہ اپنے بچوں کو پہلے دہشت گردی اور اب کالا باغ ڈیم کی نذر کر دیں۔ انہوں نے کہاکہ چولستان اور دوسرے بنجر زمینوں کو آباد کرنے کیلئے پختون خوا ہ کے زرخیز سرزمین کو بنجر کرنے کی کسی صورت اجاز ت نہیں دے سکتے ۔

انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ کالا باغ ڈیم اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے۔انہوں نے کہاکہ پختون قوم کے مسائل کے حوالے سے اے این پی نے سیاسی جر گہ منعقد کیا جس کے دوررس نتائج برآمد ہو نگے ۔ اے این پی پختونوں کے حقوق اور خطے میں امن کیلئے مزید قربانیوں سے دریغ نہیں کریگی ۔وزیر اعلی خیبر پختون خواہ پختون قوم کے مسائل حل نہیں کر سکتے کیونکہ ان کا کنڑول عمران خان کے پاس ہے جبکہ عمران خان کی نظریں اسلام آباد کے تحت پر جمی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کا عدالت جانے کا اعلان مضحکہ خیز اور سمجھ سے بالا تر ہے ۔خیبر پختون خواہ کے وزراء راتوں کو دھرنوں میں بیٹھے رہتے ہیں جبکہ صبح ان کے دفاتر میں خاک کام کرینگے ۔ عمران خان اگر خود کو عقل کھل سمجھتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات