ن لیگ نے ’گو نواز گو‘کی نقل پر ’رو عمران رو‘ کا نعرہ لگایا، مگر ہم قوم کو جگا رہے ہیں: شاہ محمود قریشی

اتوار 23 نومبر 2014 18:40

ن لیگ نے ’گو نواز گو‘کی نقل پر ’رو عمران رو‘ کا نعرہ لگایا، مگر ہم ..

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23نومبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اس شہر میں ہم نے جلسے کا اعلان کیا تو مسلم لیگ ن والوں کوآ گ لگ گئی انہوں نے تو یہاں لڑائیاں کروانے کا فیصلہ کر لیا لیکن ہم نے یہاں ن لیگ کی وکٹ گرا دی ہے، مسلم لیگ ن نے نعرے بنانے میں بھی تحریک انصاف کی ہی نقل کی اور ’گو نواز گو‘ کے مقابلے میں ’رو عمران رو ‘ کا نعرہ بنا دیا ، مگر ہم کہنا چاہتے ہیں کہ ہم رو رہے ہیں مگر عوام کو ضرور جگا رہے ہیں جبکہ حکمران ابھی بھی سو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جلسہ عام سے خطاب میں ان کا کہنا تھاکہ ملک میں پرانا نظام انتہائی بوسیدہ ہو چکا ہے اور اب نیا پاکستان ہی نیا نظام لائے گا جس کی قیادت عمران خان کریں گے، ہمارے کپتان نے پیپلز پارٹی کی وکٹ لاڑکانہ میں جلسہ کر کے اڑائی اور آج گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کی وکٹ بھی اڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے کہتے ہیں کہ لاڑکانہ میں ہم نے کارنر میٹنگ کی تو میں چاہوں گا ایسی کارنر میٹنگز ہم روزانہ کرتے رہیں۔