پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی جانب سے ایک ہی دن میں مختلف مقامات پر جلسوں نے دونوں جماعتو ں کی راہیں جدا کردیں

اتوار 23 نومبر 2014 17:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23نومبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی جانب سے ایک ہی دن میں مختلف مقامات پر جلسوں نے دونوں جماعتو ں کی راہیں جدا کردیں۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق ملک میں تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے مختلف شہروں میں جلسوں کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی عوام میں اپنی مقبولیت برقرار رکھنے کیلئے جلسے شروع کردئیے۔

(جاری ہے)

سیاسی لحاظ سے جلسوں کیلئے نامناسب شدید سردی کے موسم میں بڑے بڑے جلسوں نے ثابت کردیا ہے کہ ملک کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے الیکشن ہارنے والی جماعتوں نے جلسوں کا انعقاد شروع کردیا۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق مسلم لیگ (ق) نے بھی دیگر جماعتوں کیساتھ اتحاد کی بجائے اکیلے ہی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جلسوں کا انعقاد شروع کردیا۔ بہاولپور میں مسلم لیگ (ق) کے جلسے نے بھی موجودہ حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ اسی طرح جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی بھی اپنے اپنے ووٹروں کو متحد رکھنے کیلئے جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کررہی ہے۔