Live Updates

حکومت ملک و قوم کی خوشحالی کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے،تمام جماعتیں ساتھ دیں ‘ وزیر اعظم نواز شریف

توانائی سمیت دیگر بحرانوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں ،انشا اللہ موجودہ حکومت ملک و قوم کیلئے بڑی کامیابیاں سمیٹے گی پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد اور اپنی افواج کی پشت پر ہے ،آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں گفتگو ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال خصوصاً پی ٹی آئی کی 30نومبر کی کال پر بھی تبادلہ خیال

اتوار 23 نومبر 2014 15:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین۔ 23نومبر 2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک و قوم کی خوشحالی کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے،تمام جماعتیں قومی ترقی کے سفر میں ساتھ دیں ،توانائی سمیت دیگر بحرانوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں اور انشا اللہ موجودہ حکومت ملک و قوم کیلئے بڑی کامیابیاں سمیٹے گی ،قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد اور اپنی افواج کی پشت پر ہے ،آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رائے ونڈ جاتی امراء میں ملاقات کیلئے آنے والے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال خصوصاً تحریک انصاف کی 30نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں اتفاق کیا گیا کہ ہر کسی کو آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سرگرمیاں کرنے کی اجازت ہو گی لیکن قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا ۔

(جاری ہے)

مزید بتایاگیا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ سے سرگودھا اور وہاڑی کے ہسپتالوں میں بچوں کی اموات کی خبروں پر بھی آگاہی حاصل کی جس پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بتایا کہ اس تناظر میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے اور اس سے کسی صورت غفلت نہیں برتی جائے گی۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو صحت کی سہولیات خصوصاً سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے اور مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کو مزید بہتر کیا جائے ۔ملاقات میں وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی کا دوسرا مرحلہ شفاف طریقے سے جاری ہے جو 25نومبر کو اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم کو سانحہ کوٹ رادھا کشن پر ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کرنے کے علاوہ مختلف جاری منصوبوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی ۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں میں پارٹی کے امور بھی زیر بحث آئے اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے وزیر اعظم نوازشریف سے رہنمائی حاصل کی۔وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ سے اقتدار میں آئی ہے ،ہم سے کئے گئے وعدوں اور اپنے منشور پر مکمل عملدرآمد کریں گے جس کے لئے عملی طور پر کوشاں ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی خدمت اور ترقی کا سفر ہماری پہچان بن چکا ہے ، تمام جماعتوں کو قومی ترقی کے سفر میں ہمارا ساتھ دینا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو ترقی کے سفر پر گامزن کر چکی ہے 2018ء میں آئندہ عام انتخابات تک بڑی کامیابیاں سمیٹ چکے ہوں گے جس سے ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے جس سے ملک سے دہشتگردوں کا صفایا ہوگا ۔قوم اس جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات