کسب بینک کے 92فیصد کھاتے داروں کا سرمایہ محفوظ ہے ، سیکرٹری خزانہ وقار مسعود

تین لاکھ سے زائد رقم نکلوانے کیلئے 6ماہ کی پابندی ختم ہونے کا انتظار کرنا پڑیگا بینک کو مالی معاملات بہتر بنانے کیلئے ایک سال سے زائد کی مہلت دی گئی مگر وہ صورتحال بہتر بنانے میں ناکام رہا،سیکرٹری خزانہ

اتوار 23 نومبر 2014 14:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین۔ 23نومبر 2014ء) سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا ہے کہ کے اے ایس بی بینک کے 92فیصد کھاتے داروں کا سرمایہ محفوظ ہے۔ 3لاکھ روپے سے زیادہ رقم نکلوانے کیلئے 6ماہ کی پابندی ختم ہونے کا انتظارکرنا پڑیگا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق ایک انٹرویو میں سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ مطلوبہ حد سے کم سرمائے کی وجہ سے سٹیٹ بینک نے کے اے ایس بی بینک پر چھ ماہ تک التوائے ادائیگی کی پابندی لگائی ہے اس عرصے میں بینک کے انتظامی امور سٹیٹ بینک کے پاس رہیں گے، کھاتے دار تین لاکھ روپے تک رقم نکلوا سکیں گے اس سے زیادہ رقم نکلوانے کیلئے چھ ماہ تک انتظار کرنا ہوگا، سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ بینک کو مالی معاملات بہتر بنانے کیلئے ایک سال سے زائد کی مہلت دی گئی تھی لیکن بینک صورتحال بہتر بنانے میں ناکام رہا جس پر سٹیٹ بینک کو پابندی لگانا بڑی، کھاتہ داروں کو مزید پریشانی سے بچانے کیلئے سٹیٹ بینک کو 6ماہ میں بینک کی تنظیم نو مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔