مونگ پھلی کی برداشت بروقت اور ٹریکٹر ڈِگر کی مدد سے کی جائے،ترجمان محکمہ زراعت راولپنڈی

اتوار 23 نومبر 2014 14:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین۔ 23نومبر 2014ء)محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے مونگ پھلی کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مونگ پھلی کی برداشت بروقت اور ٹریکٹر ڈِگر کی مدد سے کریں کیونکہ اس سے فصل کا ضیاع کم اور پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے ۔ کاشتکار مونگ پھلی کی برداشت کا عمل شروع کرنے کے لئے موزوں وقت کا انتخاب کریں۔ اگیتی برداشت کی صورت میں کچی پھلیوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے جو پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہے جبکہ تاخیر سے برداشت کے نتیجے میں پھلیوں کا رنگ سیاہ ہوجاتا ہے جس سے مونگ پھلی کا معیار متاثر ہوتا ہے اور منڈی میں قیمت کم ملتی ہے۔

مونگ پھلی کے پتے گرنا شروع ہوجائیں تو کاشتکار کھیت کے مختلف حصوں سے پودے اکھاڑ کر دیکھ لیں اور اگر پھلیوں کے چھلکے کا اندرونی حصہ گہرے بھورے رنگ اور گری کا رنگ گلابی اور 75 سے 80 فیصد پھلیاں پکی ہوئی ہو تو فصل برداشت کے لئے تیار ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

برداشت کے بعد زمین پر بکھر جانے والی پھلیوں کو جلد از جلد اکٹھا کیا جائے تاکہ نمی کی وجہ سے رنگت متاثر نہ ہو۔

پھلیوں کو خشک کرنے کے لئے کم از کم ایک ہفتہ کے لئے صاف ستھری اور سخت جگہ پر دھوپ میں بکھیرا جائے۔ ذخیرہ کی جانے والی پھلیوں میں نمی کا تناسب 10 فیصد سے زیادہ نہ ہو اور گوداموں میں چوہوں، دیمک دیگر کیڑوں، نمی اور بارش وغیرہ سے بچاوٴ کا مناسب انتظام کریں۔