ذوالفقار کھوسہ کا شریف برادران مخالف مہم شروع کرنے کا فیصلہ

اتوار 23 نومبر 2014 13:39

ذوالفقار کھوسہ کا شریف برادران مخالف مہم شروع کرنے کا فیصلہ

ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23نومبر۔2014ء) سینیٹر ذوالفقار کھوسہ نے مسلم لیگ سے شریف برادران کے انخلاءیا پارٹی میں ان کے اثررسوخ کو کم از کم سطح پر لانے کے لیے اپنا منصوبہ پیش کردیا ہے۔ڈیرہ غازی خان میں ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا" ہم پارٹی ورکرز کو متحد اور شریف برادران کے اثررسوخ کا خاتمہ کرکے حقیقی مسلم لیگ کو بحال کریں گے"۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے جلد سندھ اور دیگر صوبوں سمیت آزاد کشمیر میں پارٹی رہنماﺅں سے مشاورت کریں گے۔کھوسہ قبیلے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کو سیاسی جماعت تسلیم کرانے کے لیے"نواز" کے نام کو اپنے ساتھ لگانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ نواز شریف اور شہباز شریف عوام تک سہولیات پہنچانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق اور پنجاب میں ان کی حکومتیں ہیں مگر پھر بھی وہ قوم کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

سینیٹر کھوسہ کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے پرانے پارٹی ورکرز کو نظرانداز کرکے مسلم لیگ ق کے رہنماءاور پرویز مشرف کے حواری پارٹی میں شامل کرلیے۔انہوں نے کہا کہ وہ ان پارٹٰ اراکین کے نام سامنے نہیں لانا چاہتے ورنہ شریف برادران ان کے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو روک دیں گے۔ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ مشاورتی مہم کے بعد پارٹی ورکرز کا ایک بڑا کنونشن لاہور میں ہوگا۔

انہوں نے اعلیٰ قیادت پر الزام عائد کیا کہ اس نے ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر اضلاع میں پارٹی کو مختلف گروپس میں تقسیم کردیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ مسلم لیگ میں موجود رہیں گے جبکہ ممکنہ شوکاز نوٹس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نوٹس جاری ہوا تو وہ شریف برادران کے بارے میں تلخ حقائق کو سامنے لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :