پاکستان بار کونسل انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے حامیوں کی اندھا دھند فائرنگ، شہر بھر میں خوف وہراس

ہفتہ 22 نومبر 2014 23:34

پاکستان بار کونسل انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے حامیوں کی اندھا ..

فیصل آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔22 نومبر 2014 ) پاکستان بار کونسل کے ہونے والے انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے اندھا دھند فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کرکے شہر بھر میں خوف وہراس پھیلا دیا،ضلع کچہری کے ارد گرد بارونوق علاقے کے کاروباری لوگ خوف کے مارے اپنی دکانیں بند کرکے گھروں کو چلے گئے۔آن لائن کے مطابق پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں فیصل آباد کے چار نشستوں کیلئے 22امیدواروں نے حصہ لیا جبکہ جھنگ کی دو نشستوں کیلئے 12اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ایک نشست کیلئے 6امیدوار حصہ لے رہے تھے۔

انتخابی نتائج کے مطابق فیصل آباد کی چار نشستوں میں چوہدری محمد اکرم خاکسار،ملک جاوید اعوان،چوہدری عبدالسلام اور چنگیز خان کاکڑ کامیاب ہوگئے،نتائج کے بعد کامیاب ہونے والے ممبران بار کونسل کے حامیوں نے جدید اسلحہ کی نمائش کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی اور قانون کا مذاق اڑا جبکہ فیصل آباد پولیس اور انتظامیہ اس موقع پر خاموش تماشائی بنی رہی۔

(جاری ہے)

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ضلع کچہری کے چند قدموں پر آر پی او،سی پی او،کمشنر ،ڈی سی او اور دیگر انتظامیہ اور پولیس کے افسران کے دفاتر اور رہائش گاہیں موجود ہیں۔آن لائن کے مطابق فیصل آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری تنویر اختر رندھاوا جنہیں تحریک انصاف،عوامی تحریک،پاکستان مسلم لیگ(ق) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل تھی انہیں انتخابات میں شکست ہوئی،وہ قبل ازیں پاکستان بار کونسل کے ممبر تھے۔اسی طرح ڈویژن کے دیگر اضلاع جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنٹیوٹ میں بھی کامیاب ہونے والے امیدواروں کا تعلق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نئے منتخب ہونے والے عہدیداروں سے ہے

متعلقہ عنوان :