ڈاکٹر طاہرالقادری اور چوہدری برادران کے درمیان راہیں جدا ہو گئیں ،مسلم لیگ (ق) اور پاکستان عوامی تحریک نے ایک دوسرے کو بہاولپور اور بھکر کے جلسوں میں شرکت کی دعوت نہ دی

ہفتہ 22 نومبر 2014 21:20

ڈاکٹر طاہرالقادری اور چوہدری برادران کے درمیان راہیں جدا ہو گئیں ،مسلم ..

اسلام آبا د( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔22 نومبر 2014 ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور چوہدری برادران کے درمیان راہیں جدا ہو گئیں ، مسلم لیگ (ق) کے بہاولپور کے جلسہ میں عوامی تحریک کے کسی بھی رہنماء کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ، عوامی تحریک نے بھی بھکر کے جلسہ میں کسی بھی مسلم لیگ (ق) کے رہنماء کو شرکت کی دعوت نہیں دی ۔

ہفتہ کو ذرائع کے مطابق عوامی تحریک اور مسلم لیگ (ق) کی راہیں جدا ہو گئیں ۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات میں دراڑیں دھرنا ختم کرتے وقت پیدا ہوئی تھیں جب عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا تو مسلم لیگ (ق) نے اس فیصلہ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ دھرنا ختم نہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اس کے بعد دونوں جماعتوں میں بداعتمادی پید اہوگئی اور چوہدری برادران نے اپنے قریبی حلقوں کو کہا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حکومت سے ڈیل کے نتیجہ میں دھرنا ختم کیا تھا ۔

ان اختلافات کی خبروں کو تقویب اب ملی جب مسلم لیگ (ق) کے بہاولپور میں منعقدہ جلسہ میں عوامی تحریک کے کسی رہنماء کو شرکت کی دعوت نہیں دی تو دوسری جانب عوامی تحریک نے بھی اپنے بھکر میں منعقدہ جلسہ میں کسی بھی (ق) لیگی رہنماء کو شرکت کی دعوت نہیں دی