انصار برنی کاصدر ممنون سے سعودی عرب میں سزائے موت کے منتظر پچاس پاکستانیوں سے متعلق وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کر نے پر اظہار تشکر

ہفتہ 22 نومبر 2014 16:38

کراچی ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 22نومبر 2014ء ) انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چئیر مین اور سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق انصار برنی ایڈووکیٹ نے سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ میں گزشتہ ایک ماہ کے مختصر عرصے میں سات پاکستانیوں کی گردنیں کاٹی جا نے جبکہ پچاس کے لگ بھگ پاکستانی گردنیں کٹنے کے منتظر ہیں سے متعلق انصار برنی ٹرسٹ کی رپورٹ پرپاکستان کی وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کرلینے پر صدر مملکت ممنون حسین کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چئیر مین انصار برنی ایڈووکیٹ نے صدر مملکت سے اپیل کی تھی کہ وہ ان غریب پاکستانیوں کو منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف تحقیقات اور گرفتاری کے احکامات صاور فرمائیں جن کی وجہ سے سعودی عرب میں سزائے موت سنائے جانے کے بعد پاکستانیوں کی گردنیں کاٹی جارہی ہیں جبکہ معصوم پاکستانیوں کو استعمال کرنے والے گندے عناصر پاکستان میں کرپٹ حکمرانوں کی سرپرستی میں بھرپور عیاشیوں کے ساتھ مزے کے زندگیاں گزار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی سفیر برائے امن و انسانی حقوق انصار برنی ایڈووکیٹ نے صدر مملکت کو متوجہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حیرت ہوتی ہے کہ سعودی عرب میں غریب مجبور اور بے بس افراد کی گردنیں کٹ رہی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان بدنام ہو رہا ہے لیکن اس کے باوجود ہماری حکومتیں بے حیائی اور ڈھٹائی سے پاکستانیوں کی گردنیں کٹتی ہوئی اور پاکستان کو بدنام ہوتا ہوا دیکھ کربھی اپنے ذاتی مفادات کے لئے خاموش تماشائی بنی تماشہ دیکھ رہی ہیں۔

انسانی حقوق کے رہنما انصار برنی نے کہا کہ انصار برنی ٹرسٹ کو منشیات فروشوں اور دہشت گردوں سے قطعی کوئی ہمدردی نہیں لیکن جن کی گردنیں کٹ رہی ہیں وہ افراد تو کبھی اپنے گاؤں اور دیہاتوں سے بھی باہر تک نہیں نکلے، جنہیں معلوم ہی نہیں کہ ائیرپورٹ اور پھر ائیرپورٹ سے بیرون ملک جانا کیسے ہوتاہے، جن کے گھروں پر فاقے ہیں، جنہیں معلوم ہی نہیں کہ منشیات ہوتی کیا ہے تو انصار برنی نے کہا کہ پھر ان کے پیچھے جو ہاتھ ہیں جو معصوم اور بے گناہ افراد کو استعمال کر رہے ہیں اور حکومت میں شامل کالی بھیڑیں جن کی سرپرستی کر رہی ہیں ان کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر عبرت ناک سزاؤں سے دوچار کیا جائے اور عوم کو جواب دیا جائے کہ یہ سب کیسے ممکن ہورہا ہے۔

انصار برنی نے کہا کہ پاکستان سے کرپٹ سیاستدان اور حکومتی اداروں کی سرپرستی میں پلنے والی یہ کالی بھیڑیں ان معصوم افراد کی زندگیوں سے کھیل کر خود تو عیاشیاں کر رہی ہیں جبکہ ملک بری طرح بدنام ہو رہا ہے اور انسانیت کی بھی تذلیل ہو رہی ہیں۔ انصار برنی نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ پاکستان میں اگر اصل ملزمان گرفتارکر لئے جائیں توان پچاس پاکستانیوں کی گردنیں کٹنے سے بچائی جا سکتی ہیں۔

انصار برنی نے کہا کہ پاکستان سے معصوم افراد کو کبھی عمرے اور حج کا لالچ دیکر یا ڈرا دھمکاکے خوف پیدا کرکے تو کبھی ملازمتوں کے خواب دکھا کر ملک سے باہر بھیجا جاتا ہے اور ان کے جسم یا سامان میں منشیات رکھ دی جاتی ہیں اورغیر ممالک میں پکڑے جانے پر ان کی کوئی سنتا تک نہیں اور ان کی گردنیں کاٹ دی جاتی ہیں۔ انصار برنی نے کہا کہ افسوس اس امر پر ہے کہ یہ سب کچھ حکومت میں شامل کرپٹ اور انسانیت کے قاتل حکمرانوں کی سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں۔انسانی حقوق کے رہنما انصار برنی کی اپیل پر صدر ممنون حسین نے وزارت خارجہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

متعلقہ عنوان :