جماعت اسلامی نے مینار پاکستان پر سہ روزہ اجتماع عام میں گزشتہ آٹھ سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کر دی

ہفتہ 22 نومبر 2014 14:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 22نومبر 2014ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مینار پاکستان کے سائے میں عوام کا جم غفیر اس بات کی خوش خبری دے رہا ہے کہ آئندہ جب اکٹھے ہوں گے تو انشاء اللہ اسلامی اور خوشحال پاکستان وجود میں آچکا ہوگا۔ اسلامی پاکستان عوام کا مقدر ہے اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ملک گیر اجتماع عام کے دوسرے روز جماعت اسلامی کی گزشتہ آٹھ سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی آئین و قانون کی بالادستی اور ملک میں اسلامی فلاحی جمہوری نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور پاکستان سے بیرونی مداخلت کا خاتمہ کرکے اسے اقوام عالم میں ممتاز مقام دلانے کے لیے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں جماعت اسلامی کی دعوت تیزی سے پھیل رہی ہے ،جماعت اسلامی کے کارکنان اور ارکان کی شبانہ روز محنت رنگ لا رہی ہے ، وہ دن دور نہیں جب اس دعوت کے نتیجے میں پاکستان میں اسلامی انقلاب برپا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع اس تاریخی مقام پر منعقد ہو رہا ہے، جہاں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے آزاد وطن کے حصول کی جدو جہدکا فیصلہ کیا تھا ۔

آج کا اجتماع اس امر کی نوید ہے کہ جماعت اسلامی آج سے 75 سال قبل کیے گئے عہد کو پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گزشتہ 6برس کے دوران کامیاب مہمات چلا کر نہ صرف ڈکٹیٹر مشرف کو رخصت کیا ، بلکہ گو امریکہ گو کا نعرہ عوام کی آواز بن گیا۔ پنجاب میں گورنر راج ، عدلیہ کی بحالی تحریک عافیہ صدیقی کی رہائی کے اور سوات و وزیرستان میں بے گھر ہونے والے افراد کی خدمت کے ساتھ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خاتمہ ، بلوچستان میں عوامی حقوق کی بحالی اور فوجی آپریشن کے خلاف آواز بلند کی ہے ۔

جماعت اسلامی کے ان معاملات پر موقف کو پوری قوم نے سراہا ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے جمات اسلامی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔الخدمت نے سیلاب زدہ علاقوں ، بارش کے متاثرین ، زلزلہ زدگان ، پینے کی صاف پانی فراہمی اور صحت کے شعبوں میں زبردست خدمات انجام دی ہیں۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے ،ملک بھر میں مرد و خواتین کارکنان کی تعداد لاکھوں میں ہے ۔

جماعت اسلامی میں جمہوری اقدار کی پاسداری کاجو تصور ہے اس کی مثال پیش نہیں کی جا سکتی ، جماعت اسلامی کسی خاندان ، گروہ ، نسل کی جاگیر نہیں بلکہ ہر سطح پر مشورے اور انتخاب سے اپنی قیادت کا انتخاب کرتی ہے اور گزشتہ برسوں میں قاضی حسین احمد کی امارت سے معذرت کے بعد سید منور حسن اور اب سراج الحق کا انتخاب جمہوری روایت کے استحکام کا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر کے مزدور ، کسان ، انجینئرز ، وکلاء ، طلباء اور خواتین کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے جبکہ قرآن کی دعوت ، یتیم بچیوں کی پرورش ، غریب طلباء کو مفت تعلیم اور اسکالر شپس ، مظلوم خواتین کی دادرسی ، ویمن کمیشن کے تحت مغرب کے پروپیگنڈے کے خلاف لٹریچر کی اشاعت ، صحت مراکز ، دینی تعلیم کے فروغ اور فوجی آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کی خدمت کا کام انتہائی جاں فشانی سے کر رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :